کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ کینالز کا منصوبہ ہمارے ہاتھ سے نکلا تو پھر احتجاج ہوگا۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ منصوبہ کسی نے بھی بنایا ہو لیکن سندھ حکومت اسے منظور نہیں ہونے دے گی، وزیراعظم کو نتائج کا معلوم ہے وہ انصاف سے کام لیں۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ وہ ہر گارنٹی دینے پر تیار ہیں کہ سندھ حکومت اور پیپلزپارٹی عوام کی طاقت سے نہروں کا منصوبہ بننے نہیں دے گی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ جولائی 2024 سے نہر منصوبے پر کام اور نومبر سے ایکنک میں منظوری رکی ہوئی ہے، اس بات پر ناخوش ہیں کہ اب تک اس منصوبے کو ختم کیوں نہیں کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز سے کہتا ہوں احتجاج کریں لیکن سڑکیں بند نہ کریں تاکہ عوام کو تکلیف نہ ہو۔
یہ پڑھیں: کینالز منصوبہ: نواز اور شہباز بیان بازی کرنے والے اپنے لوگوں کو سمجھائیں، سندھ حکومت
شرجیل میمن نے کہا کہ (ن) لیگ کے سنجیدہ لوگوں سے بات ہو رہی ہے جبکہ ان کے کچھ اسپوائلرز ہیں جو بیانات دے رہے ہیں، ہمارے لیڈران یا وزیر اعلیٰ کے خلاف کوئی غلط بات کرے گا تو چیزیں مزید خراب ہوں گی۔
انہوں نے کہا کہ (ن) لیگ کے کچھ لوگ چاہتے ہیں کہ وفاقی حکومت ڈسٹرب ہو، جو اس طرح کی باتیں کر رہے ہیں ان کی سیاسی تربیت ٹھیک نہیں، وہ چاہتے ہیں دونوں جماعتوں میں حالات خراب ہوں تاکہ چیزیں کسی اور طرف جائیں، آخری بار کہہ رہے ہیں (ن) لیگ اپنے لوگوں کو سمجھائے۔
ان کا کہنا تھا کہ (ن) لیگ سے اب کوئی بیان آیا تو شاید ہمارے ترجمان بھی شعلہ بیانی کریں گے، ہم چاہتے ہیں حکومت اور اسمبلیاں چلیں جس کیلیے ہم نے سپورٹ کیا ہے، رانا ثنا اللہ سے بات چیت کا مطلب یہی ہے کہ ہم چیزوں کو آگے بڑھانا چاہتے ہیں۔