کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ ایف بی آر کے خلاف مجھے کچھ کرنا پڑے گا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایف بی آر نے ہمارے اربوں روپے روکے ہوئے ہیں ان کے خلاف مجھے کچھ کرنا پڑے گا۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ پاکستان کے معاشی حالات انتہائی خراب ہیں، تاجروں کو طعنہ دیا جارہا ہے کہ وہ ٹیکس نہیں دیتے ہیں، کچھ کہتا ہوں تو مرکز والے ناراض ہوجاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ لاہور کے چھوٹے دکاندار صرف 70 کروڑ روپے ٹیکس دیتے ہیں، کراچی کے چھوٹے دکاندار 30 ارب روپے ٹیکس ادا کرتے ہیں، کراچی پورے ملک کو چلا رہا ہے، وفاقی حکومت تعاون کرے کو کراچی کی تقدیر بدل سکتی ہے۔
مزید پڑھیں: سندھ میں کرپشن کے ذمے دار مراد علی شاہ ہیں: حلیم عادل
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سواسال ہوگیا میری گرفتاری کی خبریں اڑائی جارہی ہیں، مجھے مجبوراً اب اس بارے میں زبان کھولنا پڑے گی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل عالمی بینک کے اشتراک سے جاری تعمیراتی منصوبوں کے حوالے سے تقریب کا انعقاد کیا گیا، وزیراعلیٰ سندھ نے کابینہ ارکان کے ہمراہ زیرزمین پارکنگ پلازہ کی تعمیر کا معائنہ کیا۔
پراجیکٹ ڈائریکٹر نے کہا کہ نیبرہوڈ پراجیکٹ کے تحت جاری منصوبوں پر 80 فیصد کام ہوچکا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ کو بریفنگ دی گئی کہ دین محمد وفائی روڈ کی ازسرنو تعمیر کی گئی ہے، زیرزمین پارکنگ پلازہ میں 700 گاڑیوں کی سہولت ہوگی، سندھ سیکریٹریٹ، آرٹس کونسل کے اطراف کو جدید خطوط پر تعمیر کیا گیا ہے۔