کراچی : وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ شہر میں حالیہ بارش کے بعد مختلف علاقوں میں پہنچے، علاقہ مکینوں نے کچرا کی بہتات پر شکایات کے انبار لگا دیئے۔
تفصیلات کے مطابق شہر قائد میں بارش کے بعد وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ صوبائی وزرا کے ہمراہ گارڈن پہنچے۔
اس موقع پر گارڈن ایسٹ کے مکینوں نے شکایات کے انبار لگادیئے ، مکینون نے ان سے ایک خالی پلاٹ پر کئی سالوں سے کچرے کی موجودگی کا شکوہ کیا۔
علاقہ مکینوں نے شکایت کی کہ کچرے کی وجہ سے علاقے میں بدبو، مچھر اور موذی بیماریاں پھیل رہی ہیں، وزیر اعلیٰ سندھ نے مکینوں کی شکایات کو غور سے سنا اور ڈی سی کو فوری طور پر مذکورہ مقام سے کچرا اٹھوانے کی ہدایت دی۔
اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر نے وزیر اعلیٰ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ تین دن سے کچرا اٹھا رہے ہیں لیکن کچرا کم ہونے کا نام ہی نہیں لے رہا۔
علاقہ مکینوں نے خالی پلاٹ کو کچرا کنڈی بنایا ہوا ہے، وزیراعلیٰ سندھ نے علاقہ مکینوں کو مناسب جگہ پر کچرا کنڈی بنا کر دینے کی ہدایت بھی دی۔ بعد ازاں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ دیگر افسران کے ساتھ ضلع ایسٹ کی جانب روانہ ہوگئے۔
واضح رہے کہ وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ نے کراچی میں30روزہ صفائی مہم کی نگرانی کیلئے18 رکنی مانیٹرنگ کمیٹی قائم کردی ہے، کابینہ ارکان پر مشتمل مانیٹرنگ کمیٹی صفائی مہم کی نگرانی کرے گی۔