شکارپور: وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ آئین میں لکھا ہے جس صوبے سے گیس پیدا ہوتی ہے پہلا حق گیس پر اسی صوبے کا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے شکارپور آمد کے موقع پر پیپلز پارٹی کے رہنما واحد بخش بھیو کے انتقال پر ورثا سے تعزیت کی۔
[bs-quote quote=”کراچی میں انکروچمنٹ 70 سال پرانی ہے، سپریم کورٹ نے تجاوزات آپریشن کا حکم کے ایم سی کو دیا تھا۔” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″ author_name=”وزیرِ اعلیٰ سندھ”][/bs-quote]
وزیرِ اعلیٰ سندھ نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ صوبہ سندھ 70 فی صد گیس فراہم کرتا ہے، آئین کے مطابق گیس پر پہلا حق صوبہ سندھ ہی کا ہے۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ کراچی میں انکروچمنٹ 70 سال پرانی ہے، سپریم کورٹ نے تجاوزات آپریشن کا حکم کے ایم سی کو دیا تھا، کے ایم سی کے میئر کو تجاوزات آپریشن سوچ سمجھ کر کرنا چاہیے تھا۔
وزیرِ اعلیٰ سندھ نے کہا کہ جن کا کاروبار ختم ہو رہا ہے ان کا بھی انتظام پہلے کیا جانا چاہیے تھا، انکروچمنٹ میں ہمارا جو بھی کردار ہوا وہ ہم ادا کریں گے۔
مراد علی شاہ نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ تجاوزات آپریشن کے متاثرین کی بحالی کے لیے اقدامات کیے جائیں۔
یہ بھی پڑھیں: سندھ: سی این جی اسٹیشنز کی گیس چھ روز بعد بحال کر دی گئی
یاد رہے کہ سندھ میں چھ دن تک شدید گیس بحران کے باعث شہری مسلسل عذاب میں مبتلا رہے، ٹرانسپورٹ کی صورتِ حال ابتر رہی، قومی ادارے ایک دوسرے پر الزامات لگاتے رہے، تاہم گزشتہ روز گیس بحران ختم ہو گیا اور سی این جی اسٹیشنز کی گیس بحال کر دی گئی۔
دو دن قبل گیس بحران کے خاتمے کے لیے وفاقی وزیرِ خزانہ اسد عمر ایل این جی جہازوں میں اضافے کی درخواست کے لیے ہنگامی دورے پر قطر گئے۔ پاکستان ہر ماہ قطر سے ایل این جی کے چھے جہاز منگواتا ہے۔