تھرپارکر: وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے مِٹھی اسپتال میں جاں بحق ہونے والے بچوں سے متعلق بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان بچوں کا تعلق تھر سے نہیں تھا۔
تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعلیٰ سندھ نے ضلع تھرپارکر کے شہر مٹھی کے سول اسپتال کا دورہ کیا، دورے کے موقع پر انھوں نے اسپتال میں بھوک سے مرنے والے بچوں سے متعلق میڈیا سے بات چیت کی۔
[bs-quote quote=”سندھ حکومت تھر کی بہتری کے لیے سنجیدگی سے کام کر رہی ہے۔” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″ author_name=”مراد علی شاہ”][/bs-quote]
وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ اب مٹھی میں این آئی سی ایچ (نیشنل انسٹی ٹیو ٹ آف چلڈرن ہیلتھ) کے ڈاکٹر آ گئے ہیں، مِٹھی اسپتال میں جاں بحق بچوں کا تعلق تھر سے نہیں۔
مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ تھر سے کوئلہ نکلنے کا کوئی یقین نہیں کرتا تھا، اب جلد منصوبہ مکمل ہو جائے گا، سپریم کورٹ یو سی جی (انڈر گراؤنڈ کول گیسی فکیشن) پروجیکٹ پر جو فیصلہ کرے اس پر عمل ہوگا۔
وزیرِ اعلیٰ سندھ نے کہا کہ تھر میں پینے کے پانی کا مسئلہ تھا ہم نے وہاں آر او پلانٹس لگا دیے، سندھ حکومت تھر کی بہتری کے لیے سنجیدگی سے کام کر رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سپریم کورٹ نے تھر کول منصوبہ نیب کوبھجوادیا، ثمرمبارک مند کے خلاف کارروائی کا حکم
خیال رہے کہ آج سپریم کورٹ آف پاکستان نے تھر کول منصوبہ نیب کو بھجواتے ہوئے ثمر مبارک مند کے خلاف کارروائی کا حکم دے دیا ہے، چیف جسٹس نے کہا ڈاکٹر ثمر مبارک مند نے کہا تھا بجلی سے ملک کو مالا مال کر دوں گا، لیکن منصوبے کی جگہ سے لوگ سامان بھی اٹھا کر لے گئے، منصوبے پر اربوں روپے لگے ان کا حساب کون دے گا۔