جمعرات, مئی 15, 2025
اشتہار

سندھ میں‌ ‌دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کی منظوری،93 مدارس کی نگرانی کا حکم

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کی منظوری دے دی، انٹیلی جنس بنیادوں پر دہشت گردوں کے خلاف بلا امتیاز آپریشن کیا جائے گا، صوبے کے 93 مدارس کو واچ لسٹ میں ڈالنے حکم دے دیا گیا ساتھ ہی کراچی کے مضافات اور کچی آبادیوں کا ڈیٹا بیس بھی تیار کیا جائےگا۔

وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت امن امان سے متعلق اہم اور اعلیٰ سطح اجلاس وزیراعلیٰ ہائوس میں منعقد کیا گیا۔ اجلاس میں ڈی جی رینجرز، ایڈیشنل آئی جی کراچی، سیکریٹری داخلہ اور دیگر نے شرکت کی۔

اس موقع پر سانحہ کوئٹہ کی شدید الفاظ میں مذمت اور شہید ہونے والے اہلکاروں کی مغفرت کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ صوبے میں دہشت گردی کے تدارک کے لیے انٹیلی جنس معلومات کی بنیادوں پر بلا امتیاز آپریشن کیا جائے گا، جس کے لیے وزیر اعلیٰ سندھ نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو آپریشن کی منظوری دے دی۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے ہدایت دی کہ کراچی شہر کے مضافاتی علاقوں اور کچی آبادیوں میں آباد لوگوں کا ڈیٹا بیس تیار کیا جائے، انہوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو غیر ملکیوں کا ریکارڈ تیار کرنے کا حکم بھی دیا، اس عمل میں رینجرز کی مدد بھی لی جائے گی۔

اجلاس میں سید مراد علی شاہ نے متعلقہ حکام کو صوبے میں قائم 93 مدارس کا نام واچ لسٹ میں شامل کرنے کا حکم بھی دیا، انہوں نے کہا کہ صوبے بھر بالخصوص کراچی میں امن و امان کی صورتحال اطمینان بخش ہے، قانون نافذ کرنے والے اداروں نے امن کے قیام کے لیے بہترین کردار ادا کیا ہے۔

اجلاس میں وزیر اعلٰیٰ سندھ کو سرکاری زمین قائم پر سیاسی جماعتوں کے دفاتر گرائے جانے پر رپورٹ پیش کی گئی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کراچی میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث تنظیمیں پاکستان کی دشمن ہیں، کوئی بھی تنظیم دہشت گردی میں ملوث پائی گئی تو اس کے خلاف بلا امتیاز سخت کارروائی کی جائے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ امن و امان سے متعلق اپیکس کمیٹی کا اجلاس جلد طلب کیا جائے گا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں