کراچی : وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے سماجی کارکن جبران ناصر ایڈووکیٹ کی گمشدگی پر اظہار تشویش کرتے ہوئے جلد بازیابی کے لیے اقدامات کی ہدایت کردی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے سماجی کارکن اور ایڈووکیٹ جبران ناصر کی گمشدگی پر اظہار تشویش کرتے ہوئے آئی جی پولیس سے رپورٹ طلب کرلی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے آئی جی سندھ کو جبران ناصر جلد کی بازیابی کیلئے اقدامات کی ہدایت بھی کی۔
دوسری جانب سندھ ہائی کورٹ میں جونئیر وکیل نے سماجی کارکن اور وکیل جبران ناصر ایڈووکیٹ کی گمشدگی کے معاملے پر عدالت کا آگاہ کیا۔
نعیمہ قمر ایڈووکیٹ نے کہا کہ جبران ناصر ایڈووکیٹ کو گزشتہ شب نامعلوم مسلح افراد زبردستی ساتھ لے گئے ہیں، جبران ناصر ایڈووکیٹ کا تاحال کچھ نہیں معلوم کہاں لے گئے ہیں۔
عدالت نے جبران ناصر کے مبینہ اغوا اور گمشدگی پر تشویش کا اظہار کیا، جسٹس کے کے آغا نے جونئیر وکیل کو ہدایت کی کہ جبران ناصر ایڈووکیٹ کی بازیابی کے لیے علیحدہ درخواست دائر کریں۔
جبران ناصر ایڈووکیٹ کو ماہم امجد کے والد کے مبینہ قاتل کو دبئی سے پاکستان منتقل کرنے سے متعلق کیس میں آج عدالت کے روبرو پیش ہونا تھا۔