کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ آرٹیکل 158 میں واضح ہے جس صوبے سے گیس نکلے پہلا حق اس کا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سندھ اسمبلی کے اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ وفاقی کابینہ نے سندھ کو گیس ڈیمانڈ پوری کرنے سے انکار کیا، آرٹیکل 158 میں واضح ہے جس صوبے سے گیس نکلے پہلا حق اس کا ہے۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ وزیراعظم نے میرے خط کا پہلا جواب بھیج دیا ہے، آج وزیراعظم کو ایک اور خط لکھ دیا ہے، وفاق چاہتا ہے کہ سندھ کو مہنگی گیس دیں۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سندھ کو 900 ایم ایم سی ایف ڈی گیس مل رہی ہے، سندھ کو 1500 ایم ایم سی ایف ڈی گیس درکار ہے، سندھ حکومت اپنے صوبے کے لوگوں کے حقوق پر نظر رکھتی ہے۔
سندھ اسمبلی کے اجلاس میں پیپلزپارٹی کےقاسم سراج سومرو کی جانب سے موئن جو دڑو کا نام تبدیل کرنے کی قرارداد پیش کی گئی۔ قرار داد میں کہا گیا کہ تاریخی حوالوں سے پتہ چلتا ہے کہ اصل نام موہن جو دڑو ہے، تاریخی حوالوں سے پتہ چلتا ہے کہ اصل نام موہن جو دڑو ہے۔
وزیر پارلیمانی امور کی درخواست پر قرارداد موخر کر دی گئی، بعدازاں اسپیکر نے سندھ اسمبلی کا اجلاس 22 جنوری تک ملتوی کر دیا۔