خیرپور: وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ میں داعش کا کوئی وجود نہیں، وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا کہ سندھ میں کچھ کالعدم تنظمیں داعش کا نام لیکر سندھ میں خوف پھیلانا چاہتی ہیں۔
ان خیالات کا اظہار سید قائم علی شاہ نے خیرپور میں مہران انجینئرنگ یونیورسٹی کے اکیڈمکس ڈپارٹمنٹ کی نئی بننے والی بلڈنگ کی افتتاحی تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ سندھ میں داعش کا کوئی وجود نہیں، کراچی میں امن کیلئے جو کچھ کیا وہ عوام کے سامنے ہے۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت سے پیار محبت کےساتھ معاملات حل کرنا چاہتے ہیں۔
وفاقی حکومت سے سندھ کے حقوق پر سودے بازی نہیں کریں گے ، ان کا کہنا تھا کہ ادویات پر ٹیکس لگا کر وفاقی حکومت نے بڑی زیادتی کی ہم اس کو برداشت نہیں کرینگے۔
سندھ کے حقوق کے لئے پوری طرح لڑیں گے ، تقریب کے دوران وڈے سائیں حسب معمول سوگئے اور خوب نیند کے مزے لیتے رہے جبکہ وڈے سائیں کو مہران انجنیئرنگ کالج کے پرو وائس چانسلر کی تقریر بھی نہ جگا سکی۔
اس سے قبل وڈے سائیں اپنے لاؤ لشکر کے ہمراہ وی آئی پی پروٹوکول کے ساتھ مہران انجنیئرنگ کالج پہنچے، وی آئی پی پروٹوکول سے شہریوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا
یاد رہے کہ اس سے قبل وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان اور گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد نے بھی سندھ میں داعش کے وجود کے امکان کو مسترد کردیا ہے۔