کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے وفاق کے لیے ٹیکس جمع کرنے سے انکار کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق وفاق اور سندھ ایک بار پھر آمنے سامنے آگئے، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے وفاق کے لیے ٹیکس جمع کرنے سے انکار کر دیا۔
مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ وفاق نے ہمیں آئین کے تحت ٹیکس جمع کرنے کا اختیار دیا ہے،ہم اب وفاق کے لیے ٹیکس جمع نہیں کریں گے۔ وزیراعلیٰ سندھ کا مزید کہنا تھا کہ وزیر ایکسائز سندھ کو ٹیکس جمع نہ کرنے سے متعلق وفاق کو آگاہ کریں۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ ٹیکس وصولی کے حوالے سے وفاق اور سندھ حکومت میں تنازعہ پیدا ہوگیا تھا،وفاق کی درخواست پر سندھ ہائی کورٹ نے سندھ ریونیو بورڈ کو وفاقی اداروں سے سروسز ٹیکس کی وصولی سے روک دیا تھا۔
اس سے قبل رواں سال فروری میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈپارٹمنٹ سے ایف بی آر نے کٹوتیاں کی ہیں،اگر فنڈز واپس نہیں دیے تو سندھ حکومت وفاق کے لیے ٹیکس جمع نہیں کرے گی، ان کا کہنا تھا کہ ایف بی آر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈپارٹمنٹ کے دفتر میں ود ہولڈنگ ٹیکس جمع کرنے کے لیے اپنا کاؤنٹر کھول لے۔