کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے گداگر بچوں کی کفالت کا اعلان کردیا، بچے بارش میں وہیل چیئر پر بیٹھے بھیک مانگ رہے تھے، بچوں کو کمشنر ہاؤس بھجوادیا گیا
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کراچی میں بارش کے بعد کی صورت حال کا جائزہ لینے کے لیے دورہ کررہے تھے کہ اس دوران ان کی نظر بچوں پر پڑی جو بھیک مانگ رہے تھے، مراد علی شاہ نے ان بچوں کی کفالت کا اعلان کردیا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے بچوں سے خیریت دریافت کی، بچوں نے کہا کہ ہم بھیک نہیں مانگنا چاہتے لیکن ہمارے والدین ہمیں زبردستی بھیک منگواتے ہیں۔
Sindh Chief Minister Syed Murad Ali Shah visits Karachi, saves two children from begging and visits Nalas, low-lying areas. pic.twitter.com/B9VVUE5GdL
— CMHouseSindh (@SindhCMHouse) July 30, 2019
چھوٹے بچوں سے وزیراعلیٰ نے معذوری سے متعلق دریافت کیا تو انہوں نے بتایا کہ وہ معذور نہیں ہیں اور وہیل چیئر سے اتر کر ان کے سامنے کھڑے ہوگئے۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بچوں کو وزیراعلیٰ کے اسکواڈ میں شامل افراد گاڑی میں بٹھا کر کمشنر ہاؤس روانہ کررہے ہیں۔
بعدازاں وزیراعلیٰ سندھ نے بارش کے بعد کی صورت حال کا جائزہ لیا اور ڈی ایم سی افسران کو پانی کی نکاسی کے لیے احکامات جاری کیے۔