کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ اس وقت 14 ونڈ پاورکے پروجیکٹس منظور ہوگئے ہیں، 25 ونڈ پاورکے پروجیکٹس منظوری کے مراحل میں ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد اور ڈنمارک کے سفیر کے درمیان ہونے والی ملاقات میں کلین انرجی کے پروجیکٹس پر گفتگو ہوئی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سندھ گورنمنٹ ڈینش گورنمنٹ براہ راست معاہدہ کریں، سندھ حکومت اور ڈینش حکومت بہتر اندازمیں کام کرسکتے ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ اس وقت 14 ونڈ پاورکے پروجیکٹس منظور ہوگئے ہیں، 25 ونڈ پاورکے پروجیکٹس منظوری کے مراحل میں ہیں۔ انہوں نے ڈینش کمپنیز کو سندھ میں گرڈ اسٹیشن لگانے کی بھی دعوت دی جسے ڈیشن کمپنیز نے قبول کرلیا۔
دوسری جانب ترجمان وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ورلڈ بینک کے تعاون سے سندھ سولر انرجی پروجیکٹ شروع کرنے کے معاہدے پر دستخط کر لیے گئے، ایم او یو پر ورلڈبینک اور پرائیویٹ سیکٹرز کی کمپنیوں نے دستخط کیے۔
ترجمان وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ سندھ سولرانرجی پروجیکٹ 105ملین ڈالرسے شروع کیا جا رہا ہے، پروجیکٹ کے لیے سندھ حکومت 5 ملین ڈالر دے گی۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے مطابق پروجیکٹ کے تحت سولر پارکس قائم کیے جائیں گے، پہلا سولر پارک مانجھند ڈسٹرکٹ دادو میں قائم کیا جائے گا، سولرپارک سے 50 میگا واٹ بجلی پیدا کی جائے گی۔