کراچی : وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ چین کے تعاون سے سولر پینلز پراجیکٹ کے ذریعے دیہی علاقوں میں بجلی فراہم کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ سے چین کے قونصل جنرل وانگ یو نے کراچی میں وزیراعلیٰ ہاؤس میں ملاقات کی اور ملاقات کے دوران میں سولرولیج الیکٹریفکیشن پروگرام پر تبادلہ خیال کیا گیا جس کے ذریعے بجلی سے محروم سندھ کے دیہی علاقوں میں بجلی فراہم کی جائے گی۔
دورانِ ملاقات وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ ولیج الیکٹری فکیشن کے لیے2 بلین روپے اے ڈی پی میں اسکیم رکھی ہے جس کے ذریعے کاچھو اور کوہستان میں جہاں بجلی میسرنہیں وہاں پر بجلی دی جائے گی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ بجلی بنیادی انسانی ضرورت ہے اس لیے سولرانرجی کے ذریعے دیہی علاقوں میں ہرگھر کو روشن دیکھناچاہتاہوں کیوں کہ پیپلز پارٹی کا بنیادی منشور عوام کو سستی بجلی کی فراہمی ہے۔
اس موقع پر قونصل جنرل وانگ یو نے وزیراعلیٰ سندھ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ابتدائی طور پر سولر پینلزکی فراہمی کےلئے 80 ہزار ڈالر مختص کیے ہیں اور اس سلسلے میں چین سندھ حکومت کی مالی مدد بھی کرے گا۔