کراچی : وزیراعلٰی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ ہمیں کوئی اختیارات کی تقسیم کا نہ بتائے ہم نے وفاق سے صوبوں کو اختیارات منتقل کیے ہیں۔
یونیورسٹی روڈ پر جاری تعمیراتی کام کا جائزہ لینے کے دوران میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ کراچی کےانفرا اسٹرکچر کے لیے دن رات کام کر رہے ہیں اور کراچی کے عوام جلد فرق محسوس کریں گے۔
انہوں نے بتا یا کہ وزارتِ اعلیٰ کا عہدہ سنبھالتے ہی صحت اور تعلیم کے شعبوں میں ایمرجنسی نافذ کردی تھی اور انفرا اسٹرکچر کی بہتری کے لیے اپنی ٹیم کے ساتھ مختلف منصوبوں پر کام کررہا ہوں۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ اختیارات کی تقسیم اور نچلی سطح تک منتقلی کے ہم چیمپئن ہیں اور ہم نے ہی وفاق سے اختیارات صوبوں کو منتقل کیے اس لیے کوئی ہمیں اختیارات کی تقسیم کا نہ بتائے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی میں مسائل اس کا منصوبہ بندی کے بغیر پھیلاؤ کی وجہ سے ہوا بہرحال اب سندھ حکومت کو ہی اس غیر فطری پھیلاؤ کو بہتر بنانا ہے اور کراچی کو جدید شہروں کی فہرست میں شامل کرنا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ طلبہ اس ملک کا مستقبل ہیں اور مستقبل میں ملک کی باگ ڈورطلبہ نے سنبھالنی ہے اور طلبہ نے ملکی ترقی کے لیےکچھ کرنا ہے توسب سے پہلےتعلیم پرتوجہ دیں۔