کراچی : وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے وزیراعلیٰ ہاؤس کو عوامی ہاؤس میں تبدیل کردیا۔ مراد علی شاہ نےچھٹی کا دن عوامی شکایتوں کےحل کیلئے مخصوص کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ کی جانب سے صوبے کی عوام کو ایک اورخوشخبری سنا دی گئی، مراد علی شاہ نے وزیراعلیٰ ہاؤس کے دروازے عام لوگوں کیلئے کھلوا دیئے۔
آج مراد علی شاہ سے دادو اور جامشورو ضلع کےعام لوگوں نے ملاقاتیں کیں۔ لوگوں نے انہیں اپنے علاقے کے مسائل کے حوالے سے شکایات سے آگاہ کیا۔
وزیرعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ میراحلقہ انتخاب صرف سہون شریف نہیں پورا سندھ ہے۔ آج جوکچھ بھی ہوں عوام کی وجہ سے ہوں، ہرضلع میں جاکرعوامی شکایات سنوں گا اورانہیں حل کروں گا۔
مرادعلی شاہ نے کہا کہ پورے صوبے کا نمائندہ ہوں ،عہدہ عوام کی امانت ہے، اس موقع پر عام لوگوں نے مرادعلی شاہ کے ساتھ تصاویر اور سیلفیاں بھی بنوائیں۔