بدھ, نومبر 20, 2024
اشتہار

برسات کے پانی کو نکلنے میں 3 سے 6 ماہ لگ سکتے ہیں، بحالی پروگرام بنا لیا: وزیر اعلیٰ سندھ

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا ہے کہ بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ لوگوں کی بحالی کا پروگرام بنا لیا ہے، متاثرہ علاقوں سے برسات کے پانی کو نکلنے میں 3 سے 6 ماہ لگ سکتے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے آج اتوار کو کراچی میں قائم مقام گورنر سندھ آغا سراج درانی کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کی۔

وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ سیلاب سے سندھ میں سوا کروڑ کے قریب لوگ متاثرہیں، اس خطے کے لوگوں کا قصور نہیں ہے، یہ سب قدرت سے لڑنے کی وجہ سے ہوا ہے، پاکستان میں موسمیاتی تبدیلی کا اثر سامنے آیا ہے، سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ نے کہا کہ اتنی بڑی تباہی کہیں نہیں دیکھی۔

- Advertisement -

انھوں نے کہا برسات کے پانی کو نکلنے میں 3 سے 6 ماہ لگ سکتے ہیں، لوگوں کی بحالی کا پروگرام بنا لیا ہے، یو این سیکریٹری جنرل سے کہا کہ ہمیں پیسے نہیں بلکہ ضروری سامان اور دوائیں چاہئیں۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ کراچی میں 18 ہزار کے قریب سیلاب متاثرین آئے ہیں، جن کا ریکارڈ بھی موجود ہے۔

وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ بارش اور سیلاب سے 1500 کے قریب لوگوں کی اموات ہو چکی ہیں، 50 ارب روپے کا نقصان لائیو اسٹاک کا ہوا ہے، ہزاروں گھر منہدم ہوئے، کسانوں کو ساڑھے 3 سو ارب روپے کا نقصان ہوا۔

کراچی میں گرمی کے حوالے سے انھوں نے کہا میں گزشتہ روز لاڑکانہ میں تھا، کراچی سے زیادہ وہاں گرمی ہے، تاہم کراچی میں لوڈ شیڈنگ سے متعلق پاور ڈویژن اور وزیر اعظم تک پیغام پہنچا دیا ہے، ہم پاور کمپنیوں کی کارکردگی سے مطمئن نہیں ہیں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں