کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے آج کراچی شہر کے مختلف علاقوں، اسپتالوں اور ہیٹ اسٹروک کیمپو ں کا اچانک دورہ کیا ۔
وزیر اعلیٰ سندھ نے اسپتالوں اور ہیٹ اسٹروک کیمپوں کے انتظامات کا جائزہ لیا اور سرکاری اداروں کی طرف سے کئے گئے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا ۔ میڈیا سے گفتگو میں قائم علی شاہ نے بتایا کہ سندھ حکومت نے عباسی شہید اسپتال کو 8.5کروڑ روپے جاری کر دیئے ہیں اور اب اسپتال میں انتظامات کافی بہتر ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ عوام کی طرف سے کے الیکٹرک اور حیسکو کے خلاف لوڈ شیڈنگ کی بے شمار شکایات آر ہی ہیں لیکن آئینی طور پر بجلی ہمارا سبجیکٹ نہیں بلکہ آئینی طور پر وفاق کا معاملہ ہے ۔
ایک سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا کہ کراچی شہر میں امن و امان کی صورتحال کافی بہتر ہے اور اس حوالے سے تمام کو ششوں کوبروئے کار لا رہے ہیں، پولیس اہلکاروں کے قاتلوں کو کسی بھی صورت نہیں بخشا جائیگا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ شہر میں موجود نالوں کی عدم صفائی پر کے ایم سی کے دو افسران کو معطل کیا تھا اور آج بھی نالوں کی صفائی کا جائزہ لے رہے ہیں۔
اس موقعہ پر وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کے ایم سی اور محکمہ بلدیہ کو بارشوں سے قبل نالوں کی صفائی کے احکامات جاری کئے۔