کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کرونا وائرس سے زیادہ متاثرہ علاقوں میں موبائل ٹیم بھیجنے کا فیصلہ کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی صدارت میں کرونا وائرس پر اجلاس ہوا جس میں صوبائی وزرا، پرنسپل سیکریٹری اور سیکریٹری صحت شریک ہوئے۔
وزیراعلیٰ سندھ کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ ٹیسٹنگ کی گنجائش 3520 ہوگئی ہے ،11 اداروں میں کرونا وائرس کے تشخیصی ٹیسٹ ہو رہے ہیں،190000 کٹس کے آرڈر دیے جاچکے ہیں،سندھ میں روزانہ 760 ٹیسٹ ہو رہے ہیں۔
مراد علی شاہ نے مختلف اداروں میں ٹیسٹنگ کٹس کی تقسیم کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ٹیسٹنگ کٹس جب لیب کے پاس ہوں گی تو زیادہ ٹیسٹ ہوسکیں گے۔
اجلاس میں کرونا وائرس سے زیادہ متاثرہ علاقوں میں موبائل ٹیم بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا۔وزیراعلیٰ سندھ نے موبائل ٹیمز کے ذریعے خاص علاقوں میں ٹیسٹ کرنے کی ہدایت کر دی۔
مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ یہ خاص علاقے وہ ہیں جہاں زیادہ لوگ مثبت آ رہے ہیں،ہمیں اس سسٹم کو زیادہ وسیع کرنا ہے۔