کراچی: ترجمان وزیر اعلی سندھ نے عمران خان کے بیان کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ بعض سیاسی رہنماوں کا یہ تاثر غلط ہے کہ ایس ایس پی ملیر راؤ انوار کو وزیر اعظم کے کہنے پرمعطل کیا گیا۔
ترجمان وزیر اعلی ہاوس سندھ جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ راؤ انوار کی معطلی وزیر اعظم کے کہنے پر نہیں کی گئی فیصلہ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا اپنا تھا۔
ترجمان وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ بعض سیاسی رہنماوں کی جانب سے غلط تاثر پیش کیا جارہا ہے، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے انتظامی معاملے کا پہلے فیصلہ خود کیا بعد میں وزیراعظم کا فون آیا۔
ترجمان وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سندھ حکومت نہ تو کسی مجرم کو معاف کرے گی اور نہ ہی کسی سے زیادتی ہونے دے گی ، حکومت چاہتی ہے کہ ہر ایک اپنا اپنا کام کرے ۔
اس سے پہلے عمران خان نے سندھ پولیس کے معاملات میں وزیر اعظم نواز شریف کی سیاسی مداخلت پر تشویش کا اظہار کیا تھا انہوں نے کہا تھا کہ ایس ایس پی کی معطلی کیلئے مرکزی حکومت نے مداخلت کی۔