اتوار, جولائی 6, 2025
اشتہار

جناح اسپتال میں مریضہ کی ہلاکت: وزیر اعلیٰ پنجاب سخت برہم

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف لاہور کے جناح اسپتال میں خاتون کے بیڈ نہ ملنے کے باعث ٹھنڈے فرش پر تڑپ تڑپ کر جاں بحق ہونے کے واقعے پر برہم ہوگئے۔ انہوں نے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق جناح اسپتال لاہور میں مریضہ کے جاں بحق ہونے کے واقعے کی ابتدائی رپورٹ وزیر اعلیٰ پنجاب کو پیش کردی گئی۔

وزیر اعلیٰ نے جناح اسپتال میں مناسب علاج معالجہ نہ ہونے پر مریضہ کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ، افسوس اور شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے غفلت، کوتاہی اور نااہلی پر سخت ایکشن لے لیا۔

شہبازشریف نے جناح اسپتال کے ایم ایس کو فوری معطل کرنے کا حکم دیتے ہوئے دیگر ذمہ دار ڈاکٹروں اور عملے کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی کی ہدایت کردی۔

وزیر اعلیٰ نے فرش پر مریضہ کو لٹانا بدترین نا اہلی اور فرائض سے غفلت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ذمہ داروں کے خلاف قانون کے تحت سخت کارروائی ہوگی۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ باتوں سے کام نہیں چلے گا، اس واقعہ میں غفلت کا مظاہرہ کرنے والوں کو عبرت کی مثال بنا دیں گے۔

واضح رہے کہ دو روز قبل قصور کی رہائشی 60 سالہ زہرہ بی بی کو دل کی تکلیف ہونے پر لاہور کے جناح اسپتال لایا گیا تھا۔ اسپتال کی انتظامیہ نے ایمرجنسی یا وارڈ میں مریضہ کو بستر دینے سے انکار کردیا جس کے باعث خاتون کو راہداری میں ٹھنڈے فرش پر ہی لٹا دیا گیا۔

سردی لگنے کے باعث مریضہ کی حالت بگڑ گئی اور 10 گھنٹے بعد وہ دم توڑ گئی۔

اس دوران اے آر وائی نیوز نے سب سے پہلے یہ خبر نشر کرتے ہوئے صوبائی مشیر صحت خواجہ سلمان رفیق سے لے کر اسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر ظفر تک سب سے رابطے اور انہیں خاتون کی حالت زار سے آگاہ کرنے کی کوشش کی لیکن اعلیٰ حکام میٹنگ کا بہانہ کر کے معاملے سے دور رہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں