اسلام آباد: اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا کہنا ہے کہ زراعت کا شعبہ معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، زراعت کے شعبے کی ترقی کے لیے حکومتی سرپرستی ضروری ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران مجموعی سیاسی اور معاشی صورت حال اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے اسپیکر قومی اسمبلی کو صوبے میں جاری ترقیاتی کاموں کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ سردار عثمان بزادار نے کہا کہ عوامی منصوبوں خصوصاً زراعت کی ترقی کے اقدامات کر رہے ہیں۔
اس موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ عوامی فلاح وبہبود کے لیے اٹھائے گئے اقدامات قابل ستائش ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ زراعت کا شعبہ معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، زراعت کے شعبے کی ترقی کے لیے حکومتی سرپرستی ضروری ہے۔
زرعی شعبے کی ترقی اور جدید ٹیکنالوجی کو متعارف کرانا حکومتی ترجیح ہے، وزیراعظم
اس سے قبل وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ زرعی شعبے کی ترقی اور جدید ٹیکنالوجی کو متعارف کرانا حکومتی ترجیح ہے، کسانوں کو ہرممکنہ سہولت فراہم کرنا چاہتے ہیں۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ زرعی شعبہ ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، ملکی آبادی کا بڑاحصہ زرعی شعبے سے منسلک ہے، زرعی اجناس کی پیداوار کے بارےمیں جامع منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔