لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ نارووال سمیت دیگر شہروں میں پولیس نفری کمی کو دور کیا جائےگا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت ڈپٹی کمشنر نارووال کے دفتر میں اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں کرونا روک تھام، انسداد ڈینگی وگندم خریداری مہم کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ پنجاب میں کرونا پھیلاؤ روکنے کے لیے غیرمعمولی اقدامات کیے ہیں،ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے متعلقہ محکمے ہمہ وقت چوکس ہیں،کرونا کے پیش نظر رمضان بازار نہیں لگائے جائیں گے۔
سردار عثمان بزدار نے کہا کہ چیف منسٹر رمضان پیکج کے تحت مستحق خاندانوں کو کیش ٹرانسفر کیاجائے گا، کیش ٹرانسفر کا نظام انصاف امداد پروگرام کی طرز پر بنایاجائے گا۔
انہوں نے نارووال کے علاقوں کو سیلاب سے بچانے کے لیے ہنگامی پلان مرتب کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ دریاؤں اورنالوں میں پانی کے بہاؤ کو 24 گھنٹے مانیٹر کیا جائے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ نارووال سمیت دیگر شہروں میں پولیس نفری کمی کودور کیا جائےگا،پولیس میں 10 ہزار بھرتیوں کی منظوری دے دی ہے۔
عثمان بزدار نے کہا کہ نارووال میں گندم خریداری مہم کا آغاز 25 اپریل سے ہوگا،باردانہ کی تقسیم کا عمل 20 اپریل سے شروع کیا جا رہا ہے،نارووال میں رواں برس65 ہزار میٹرک ٹن گندم خریدی جائےگی۔
انہوں نے کہا کہ گندم خریداری مہم کے لیے مانیٹرنگ کمیٹیاں قائم کردی گئی ہیں۔وزیراعلیٰ پنجاب نے انسداد ڈینگی کے لیے متحرک انداز میں فرائض سر انجام دینے کی ہدایت بھی کی۔