لاہور : بینک آف پنجاب روزگار اسکیم کے تحت 30ارب روپے کامیاب درخواست گزاروں کو آسان شرائط پر فراہم کرے گا، جس سے 20سے 50سال تک کے مرد حضرات، خواتین،خصوصی افراد اورخواجہ سراء مستفید ہوسکیں گے۔
تفصیلات کے مطابق 30 ارب روپے کی پنجاب روزگار اسکیم کیلئے پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن اوربینک آف پنجاب میں معاہدہ طے پاگیا، وزیراعلیٰ آفس میں معاہدے پر پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن کے ایم ڈی جمیل احمد جمیل اوربینک آف پنجاب کے صدر ظفر مسعود نے دستخط کیے۔
تقریب میں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدارتقریب کےمہمان خصوصی تھے ، معاہدے کے تحت بینک آف پنجاب 30ارب روپے کامیاب درخواست گزاروں کوآسان شرائط پر فراہم کرے گا۔
اس موقع پر وزیراعلی پنجاب عثمان بزدارنے کہا کہ پنجاب کی تاریخ کی یہ سب سےبڑی روزگاراسکیم ہے، اس سکیم کے تحت قرضے آسان شرائط پر دیئے جائیں گے ، جس سے کورونا وائر س کے دوران معاشی طورپر مشکلات کا سامنا کرنے والے تاجروں اورکاروباری حضرات اپنے بزنس کو بحال کر سکیں گے اور آگے بڑھائیں گے۔
عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ روزگاراسکیم کے ذریعے 16لاکھ سےزائد لوگوں کو روزگارملےگا اور لاکھوں نوجوان معاشی طور پر خود مختارہوں گے ، قرضہ واپسی کی شرائط بھی آسان اورقابل قبول ہوں گی جبکہ 20سے 50سال تک کے مرد حضرات، خواتین،خصوصی افراد اورخواجہ سراء مستفید ہوسکیں گے –
وزیراعلی عثمان بزدار نے مزید کہا کہ ٹیکسٹائل کے 26سب سیکٹرز سمیت23مختلف شعبوں کے 339سب سیکٹرزکیلئے کاروبار،تجارت اورمینوفیکچرنگ کے لئے چھوٹے قرضے دیئے جائیں گے، ان قرضوں سے خاص طورپر کاٹیج انڈسٹری کوفروغ ملے گا۔