لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار عمرہ کی ادائیگی کے بعد وطن واپس پہنچ گئے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارعمرہ کی ادائیگی کے بعد آج صبح علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے مدینہ منورہ میں روضہ رسولﷺپر حاضری دی، انہوں نے مسجد نبوی ﷺ میں نوافل ادا کیے۔ سردار عثمان بزدار ذاتی خرچ پراہل خانہ کے ہمراہ سعودی عرب گئے تھے۔
یاد رہے کہ رواں ہفتے وزیراعلیٰ پنجاب سے مدینہ منورہ میں اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہیٰ نے ملاقات کی تھی، اس موقع پر انہوں نے عثمان بزدار کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی تھی۔
عثمان بزدار سے اسپیکر پنجاب اسمبلی کی ملاقات، مکمل تعاون کی یقین دہانی
اسپیکرپنجاب اسمبلی کا کہنا تھا کہ عثمان بزدار ہمارے وزیراعلیٰ ہیں، دو درجن ایم پی ایز کے نون لیگ سے رابطے کے بیان میں کوئی سچائی نہیں ہے۔
چوہدری پرویز الہیٰ کا مزید کہنا تھا کہ ایسے حالات ہوئے تو نون لیگ کا بڑا گروپ پی ٹی آئی کے ساتھ ہوگا۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے 9 فروری کو وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار عمرہ کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب روانہ ہوئے تھے۔