اشتہار

انسداد ڈینگی کے اقدامات میں کوتاہی کی کوئی گنجائش نہیں، عثمان بزدار

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ انسداد ڈینگی کے لیے متعلقہ ادارے اپنا بھرپور کردار جاری رکھیں، انسداد ڈینگی کے اقدامات میں کوتاہی کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت ارفع کریم ٹیکنالوجی پارک میں اجلاس ہوا جس میں پنجاب میں ڈینگی صورت حال، مرض کے تدارک کے لیے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

سردار عثمان بزدار نے مریضوں کو علاج کی سہولتیں مزید بہتر بنانے کے پروگرام پر پیشرفت کا جائزہ لیا اور انسداد ڈینگی وائرس کے لیے مؤثر انداز میں سرویلنس جاری رکھنے کی ہدایت بھی کی۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ انسداد ڈینگی کے لیے متعلقہ ادارے اپنا بھرپور کردار جاری رکھیں، آؤٹ ڈور اوران ڈور سرویلنس پر پوری توجہ رکھی جائے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ مریضوں کے علاج کے لیے کلینکل مینجمنٹ پرفوکس کیا جائے، انسداد ڈینگی کے اقدامات میں کوتاہی کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔

سردار عثمان بزدار نے کہا کہ ینگ ڈاکٹرز کی جانب سے احتجاج کا کوئی جواز نہیں ہے، اسپتالوں میں مریضوں کا علاج کرنا ڈاکٹرزکی بنیادی ذمہ داری ہے، ہڑتال ڈاکٹر جیسے نوبل پروفیشن کو زیب نہیں دیتی۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ مریضوں کو اسپتالوں میں علاج کے حوالے سے دقت نہیں ہونی چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ چلڈرن اسپتال کو یونیورسٹی کو درجہ دیا جائے گا۔

ملک بھر میں ڈینگی کیسز کی تعداد 30 ہزار سے تجاوز کر گئی

واضح رہے کہ وزارت صحت کے مطابق ملک بھر میں ڈینگی کیسز کی کل تعداد 30 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے، اب تک ڈینگی سے 47 اموات ہوچکی ہیں۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ڈینگی کے 8 ہزار 245 کیس سامنے آئے۔ پنجاب میں 6 ہزار 629، سندھ میں 5 ہزار 109، خیبر پختونخواہ میں 5 ہزار 229، قبائلی اضلاع میں 463، بلوچستان میں 2 ہزار 776 اور آزاد کشمیر میں 13 سو 38 ڈینگی کیس رپورٹ ہوئے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں