اسلام آباد : اتحادی حکومت نے نومبر میں انتخابات کیلئے قبل از وقت قومی اسمبلی تحلیل کرنے پر مشاورت کا عمل شروع ہوگیا، قومی اسمبلی کی آئینی مدت13 اگست 2023 کو مکمل ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق اتحادی حکومت نے قبل از وقت قومی اسمبلی تحلیل کرنے پر مشاورت شروع کردی ، حکومتی ذرائع نے کہا ہے کہ مولانافضل الرحمان اور پیپلز پارٹی کے وفد کی ملاقات میں غور کیا گیا۔
قومی اسمبلی کی آئینی مدت تیرہ اگست دوہزار تیئس کومکمل ہوگی، نومبر میں انتخابات کیلئے نو یا دس اگست کوقومی اسمبلی تحلیل کرنے پر مشورے کئے جارہے ہیں۔
13اگست کو قومی اسمبلی کی مدت پوری ہونے کی صورت میں انتخابات 60 دن میں کرانا ہوں گے اور وقت سے پہلے تحلیل کی صورت میں 90دن میں کرانا ہوں گے ، 90دن کے آپشن کی صورت میں انتخابات نومبر میں ہوں گے۔
حکومتی ذرائع نے کہا ہے کہ حکومت انتخابی مہم کیلئے زیادہ وقت کیلئے نومبر والے آپشن پر غور کررہی ہے تاہم حتمی فیصلے کےلیے اتحادیوں کا سربراہی اجلاس عید کے بعد ہوگا۔
وزیراعظم عالمی کانفرنس میں شرکت کیلئے پیرس جاتے ہوئے لندن میں مختصر قیام کریں گے، جہاں وہ لندن میں نواز شریف سے ملاقات کریں گے، یہ ملاقات بائیس جون کومتوقع ہے۔