ابوظہبی : آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ متحدہ عرب امارات پہنچ گئے ، جہاں انھوں نے ابوظہبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زایدالنہیان سے ملاقات کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ متحدہ عرب امارات کے دورے پر ابوظہبی پہنچ گئے ہیں۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آرمی چیف کی ابوظہبی کے ولی عہدشیخ محمدبن زایدالنہیان سے ملاقات ہوئی، ملاقات میں باہمی دلچسپی اور علاقائی سیکیورٹی کی صورتحال پر گفتگو کی گئی۔
ترجمان کے مطابق ملاقات میں دو طرفہ دفاعی تعاون پر بھی بات چیت کی گئی۔
یادرہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں متحدہ عرب امارات اور پاکستان کے مابین تعاون کے تیسرے مرحلے میں دونوں ممالک نے 2 ارب ڈالر کے منصوبوں کے معاہدے کیے گئے تھے۔
مزید پڑھیں : پاکستان اور یو اے ای کے درمیان 2 ارب ڈالر کے معاہدوں پر دستخط
متحدہ عرب امارات اور پاکستان کے ابوظہبی کے ترقیاتی فنڈ سے چلنے والے منصوبوں کے تیسرے مرحلے کے لیے ڈائریکٹر عبداللہ خلیفہ ال غافی اور ملٹری کالج برائے انجینئرنگ کے کمانڈنٹ میجر جنرل انور الحق چوہدری نے معاہدوں پر دستخط کیے۔
اس موقع پر پاک فوج کے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ اور پاکستان میں تعینات متحدہ عرب امارات کے سفیر حمّاد عبید الزابی بھی موجود تھے۔