استنبول: آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اورترکی کو ایک ہی قسم کے چیلنجز کا سامنا درپیش ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے یہ بات تین روزہ دورے پر ترکی آمد کے موقع پر کہی، ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اورترکی کے برادرانہ تعلقات ہمیشہ اورہرآزمائش میں پورے اترے ہیں اور دونوں ملکوں کے تعلقات کو مزید بلندی پر لے جایا جائے گا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ دونوں ملکوں کو ایک ہی قسم کے چیلنجز کا سامنا ہے جس سے نمٹنے کے لئے بھرپور کوششیں جاری ہیں۔
جنرل راحیل شریف نے جدید ترکی کے بانی کمال اتاترک پاشا کی قبر پرپھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی بھی کی۔
آرمی چیف راحیل شریف نے انقرہ میں امن ریلی پر ہونے والے بم حملوں پر افسوس کا اظہار کیا۔
جنرل راحیل شریف نے ترک لینڈ فورسز کے ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا اوراس موقع پرآرمی چیف نے اپنے ترک ہم منصب سے ملاقات کی۔
دونوں عسکری سربراہوں کی ملاقات میں دہشت گردی اوربارودی سرنگوں کے خاتمے سے متعلق بات چیت کی گئی۔
آرمی چیف جنرل راحیل شریف کو اس موقع پر ترک افواج کی جانب سے سلامی دی گئی اور خطے میں قیامِ امن اور دہشت گردی کے خلاف جنگ پرانہیں ’’ لیجنڈ آف میرٹ‘‘ نامی اعزاز سے بھی نوازا گیا۔