راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا جونیئر لیڈر اکیڈمی شنکیاری کا دورہ کیا، آرمی چیف نے کہا کہ جونیئر لیڈرز کا جدید جنگ میں انتہائی اہم کردار ہوتا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف نے جونیئر لیڈر اکیڈمی کے اساتذہ سے ملاقات کی، جنرل قمر جاوید باجوہ نے خاص طور پر فاٹا اور مالاکنڈ کے نوجوان اساتذہ کو دیکھ کر خوشی کا اظہار کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اس موقع پر کور کمانڈر راولپنڈی لیفٹیننٹ جنرل ندیم رضا بھی آرمی چیف کے ہمراہ تھے، آئی جی ٹریننگ لیفٹیننٹ جنرل ہدایات الرحمان بھی موجود تھے، اکیڈمی کمانڈنٹ نے آرمی چیف کو تربیتی امور پر بریفنگ دی۔
آرمی چیف جنرل قمر جاویدہ باجوہ نے کہا کہ جونیئر لیڈرز کا جدید جنگ میں انتہائی اہم کردار ہوتا ہے، جدید جنگی دور میں جونیئر لیڈرز کی تربیت انتہائی اہمیت رکھتی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جے ایل اے جونیئر کمیشنڈ آفیسرز اور نان کمیشنڈ آفیسرز کو پیشہ ورانہ تربیت دیتا ہے، اکیڈمی کمانڈنٹ نے آرمی چیف کو تربیتی امور پر تفصیلی بریفنگ دی۔