اسلام آباد: غیر ملکی مشروب کمپنی نے پاکستان میں اربوں ڈالر سرمایہ کاری کی خواہش ظاہر کی جس پر وزیر اعظم نے انہیں مکمل تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی کروائی۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان سے غیر ملکی مشروب کمپنی کے وفد کی ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں غیر ملکی کمپنی نے پاکستان میں اربوں ڈالر سرمایہ کاری کی خواہش ظاہر کی۔
وزیر اعظم نے سرمایہ کاروں کو تمام سہولتیں فراہم کرنے کی یقین دہانی کروائی۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت سرمایہ کاروں کے لیے دوستانہ ماحول فراہم کر رہی ہے، حکومت کاروباری اور سرمایہ کار طبقے کو مکمل تعاون فراہم کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاری کے ذریعے پاکستان میں روزگار کے مواقع بڑھیں گے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز بھی امریکی آئل کمپنی کی چیئرمین ایماکو کرین وفد کے ہمراہ پاکستان پہنچی تھیں۔ امریکی آئل کمپنی بھی پاکستان میں بھاری سرمایہ کاری کا ارادہ رکھتی ہے۔
امریکی آئل کمپنی کے وفد اور وفاقی وزرا کے ساتھ ملاقات میں تفصیلی بات چیت کے دوران طے پایا تھا کہ امریکی کمپنی کراچی کی سمندری حدود میں آف شور آئل ڈرلنگ کرے گی۔ پاکستان میں ایل این جی ٹرمنل بھی لگایا جائے گا۔