کوچابمبا: جنوبی امریکی ملک بولیویا کا شہر کوچابمبا کچرے میں ڈوب گیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق بولیویا کا چوتھا بڑا شہر کوچابمبا کچرا گھر بن گیا ہے، کچرا پھینکنے کے لیے مناسب جگہ نہ ہونے سے جگہ جگہ کچرے کے ڈھیر لگ گئے ہیں۔
محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ 8 ہزار ٹن کوڑا سڑکوں پر پڑا ہے، گندگی اور تعفن سے ایک ہفتے میں ڈائریا کے کیسز میں 7 فی صد اضافہ ہوا ہے، جب کہ ہیپاٹائٹس اے کے کیسز 55 فی صد بڑھ گئے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ کچرا کنڈیاں نہ ہونے سے شہر کچرا گھر میں تبدیل ہو گیا ہے۔
دراصل کوچابمبا میں گزشتہ دو ہفتوں سے کچرے کے بڑھتے ڈھیروں کو ٹھکانے لگانے کے بڑے چیلنج کا سامنا ہے، کیوں کہ کارا کارا میونسپل لینڈ فل سائٹ بند ہو گئی ہے، اور کچرا پھینکنے کی کوئی دوسری جگہ دستیاب نہیں ہے۔
شہر کے حکام نے اس مسئلے کے حل کے لیے ہمسایہ میونسپلٹی ’کولکاپرہوا‘ میں ایک ہنگامی لینڈ فل سائٹ بنائی، تاہم مقامی لوگوں نے اس پر احتجاج کرتے ہوئے اس کے راستے میں رکاوٹیں ڈال دیں، جس سے کچرے کا بحران مزید سنگین ہو گیا ہے۔