منگل, نومبر 19, 2024
اشتہار

خواتین میں عقل کے انحطاط اور ہڈیوں میں فریکچر کے درمیان دو سمتی تعلق سے متعلق بڑی تحقیق

اشتہار

حیرت انگیز

سڈنی: خواتین میں عقل کے انحطاط اور ہڈیوں میں فریکچر کے درمیان دو سمتی تعلق سے متعلق بڑی تحقیق سامنے آ گئی ہے۔

بون اینڈ منرل ریسرچ نامی جریدے میں شایع شدہ نئے ڈیٹا کے مطابق خواتین میں ہڈی ٹوٹنے (فریکچر) کے بڑھے ہوئے خطرے کے ساتھ ہڈیوں کی شدید کمزوری (Osteoporosis) اور عقلی زوال (cognitive decline) کے مابین دو سمتی تعلق ہے۔

آسٹریلیا میں واقع گاروَن انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل ریسرچ کی سینئر خاتون ریسرچ آفیسر ڈینا بلیئک اور ان کے ساتھیوں نے اس تحقیقی مطالعے کے پس منظر میں لکھا کہ ادراکی، عقلی یا حسی انحطاط اور آسٹیوپوروسس (ہڈیوں کی شدید کمزوری) اکثر ایک ساتھ ہی ملتے ہیں، اور کچھ شواہد بتاتے ہیں کہ ان میں سبب کا رشتہ ہے، یعنی ایک دوسرے کے سبب یہ واقع ہوتے ہیں، تاہم عقلی زوال اور ہڈیوں کی خستگی اور فریکچر رسک کے درمیان عمر سے ہٹ کر طویل تعلق سے متعلق کوئی ڈیٹا موجود نہیں ہے۔

- Advertisement -

پروفیسر ڈینا بلیئک نے ایک پریس ریلیز میں بتایا کہ تحقیق کے ان نتائج سے کلینکل پریکٹس کے دوران یہ مدد مل سکتی ہے کہ بڑی عمر میں مؤثر اور درست علاج کو یقینی بنانے کے لیے ہڈیوں کی کمزوری اور عقل کے زوال کو کس طرح مانیٹر کیا جائے، یہ اس لیے بہت اہم ہے کیوں کہ ہڈیوں کی خستگی (بون لاس) اور عقلی زوال دونوں ’خاموش حالتیں‘ ہیں، اور طویل مدت تک ان کا پتا بھی نہیں چل پاتا، یہاں تک کہ حالت بہت خراب ہو جاتی ہے۔

تحقیق کے سلسلے میں ڈینا بلیئک اور ان کے ساتھیوں نے 65 سال کی عمر کی 1 ہزار 741 خواتین اور 620 مردوں کا 1997 سے 2013 تک یعنی 16 سال تک تجزیہ کیا، ان افراد کو خلل دماغ (dementia) کا کوئی مسئلہ نہیں تھا، اس دوران یہ افراد پانچویں اور دسویں سال ہڈیوں میں معدنی کثافت (bone mineral density) (یہ ایک ایکسرے ہے جس میں ہڈیوں میں معدنیات یعنی کیلشیئم کی مقدار کی پیمائش کی جاتی ہے)، اور منی مینٹل اسٹیٹ ایگزامنیشن (MMSE) کے لیے کلینک گئے (MMSE ایک ادراکی ٹیسٹ ہے جس میں بڑی عمر کے لوگوں میں واقفیت، توجہ، یادداشت، زبان، بصری اور مقامات سے متعلق مہارت معلوم کی جاتی ہے)۔اس کے علاوہ ہر سال یہ افراد فریکچرز سے متعلق بھی سوال نامے ای میل کے ذریعے بھیجتے رہے۔

پانچ سال کی مدت کے دوران تو 95 فی صد سے زائد شرکا کے ہاں ادراکی قوت نارمل رہی، ان میں MMSE اسکور کم از کم 24 رہا، تاہم پہلے دس سال کے فالو اپ کے دوران خواتین اور مردوں دونوں کے ہاں یکساں طور پر ادراک یا عقل میں نمایاں زوال دیکھا گیا، یعنی خواتین میں 4.5 تھا اور مردوں میں 4 فی صد۔ اس دوران ہڈیوں میں معدنی کثافت (BMD) بھی خواتین میں 3.4 فی صد کم ہوئی، اور مردوں میں یہ 4.7 فی صد کم ہوئی۔

تاہم خواتین میں دس سال کے عرصے پر MMSE میں ہر ایک فی صد کمی کا تعلق 6.49 فی صد بون لاس (آسٹیوپوروسس) سے رہا، یعنی اس مدت کے دوران ادراکی یا عقلی قوت میں 1 فی صد کی کمی تقریباً 6 فی صد بون لاس سے منسلک رہی، لیکن اس کے برعکس مردوں میں بڑھتی عمر کے تقاضے سے ہٹ کر ادراکی فنکشن اور ہڈیوں میں معدنی کثافت کے درمیان کوئی تعلق نہیں تھا۔

جن عورتوں میں ادراکی قوت کم نہیں ہوئی تھی، ان کے مقابلے میں نمایاں ادراکی زوال کی شکار خواتین نے بون لاس کی زیادہ شرح کا بھی سامنا کیا، دستیاب ڈیٹا کو ترتیب دیے جانے کے بعد دیکھا گیا کہ ادراکی یا عقلی زوال خواتین میں ہڈیوں کی خستگی کے ساتھ تو منسلک تھا، لیکن مردوں میں نہیں، اس کے علاوہ دس سالہ مدت میں خواتین میں یہ عقلی زوال ہڈیوں کے فریکچر کے 1.7 گنا زیادہ خطرے سے بھی منسلک دیکھا گیا۔

اہم بات یہ بھی نوٹ کی گئی کہ ہڈیوں کی خستگی اور عقلی زوال کے درمیان یہ تعلق دو سمتی تھا، یعنی ایسا کوئی ثبوت نہیں ملا کہ کوئی ایک، دوسرے سے پہلے آیا ہو۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں