کراچی : محکمہ موسمیات نے کراچی میں سردی کی شدت میں اضافے کی پیش گوئی کرتے ہوئے کہا سردی کی لہر ماہ دسمبر تک جاری رہے گی۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ رواں ہفتے سردی کی لہر میں اضافے کا امکان ہے ، کراچی میں آئندہ اڑتالیس گھنٹوں کے دوران سردی کی لہر آئے گی، جو ماہ دسمبر میں بھی جاری رہے گی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24گھنٹے کے دوران موسم خشک رہے گا جبکہ شہر کا موجودہ درجہ حرارت 26 ڈگری سینٹی گریڈ اور ہوامیں نمی کا تناسب46 فیصد ہے۔
دوسری جانب آئندہ چوبیس گھنٹوں میں ملک کے شمالی علاقوں میں موسم سرد اور پنجاب کےمیدانی اور سندھ کے بالائی علاقوں میں ہلکی دھند پڑنے کی پیشگوئی کی ہے جبکہ بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر کے چند اضلاع میں آج گرج چمک ساتھ بارش اور برفباری کاامکان ہے۔
مزید پڑھیں : کراچی میں سردی ، محکمہ موسمیات نے خطرے کی گھنٹی بجادی
یاد رہے محکمہ موسمیات نے کراچی میں اس بارسردی جلد آنے کی پیشگوئی کرتے ہوئے کہا تھا کہ سردی گزشتہ برسوں کے مقابلے اس سال کڑاکے کی سردی پڑے گی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شمال مغرب کی جانب ہوا کا زیادہ دباؤ موجود ہے اور ہوا کا زیادہ دباؤ یعنی پریشر گریڈینٹ اچھی سردیوں کے لیے موزوں ہے، پریشر گریڈینٹ شمالی بلوچستان میں موجود ہے۔
محکمہ موسمیات کے حکام نے بتایا کہ پریشر گریڈینٹ کی وجہ سے شمال کی جانب سے ہوائیں چلنے کی صورت میں کراچی میں موسم خنک ہوسکتا ہے۔