ریاض : شدید سردی نے کاروبار زندگی معطل کردیا، کھلا پانی بھی جمنے لگا، مختلف شہروں میں اسکول آنے کے اوقات مؤخر اور اسمبلیاں ختم کردی گئیں۔
تفصیلات کے مطابق سعودی عرب میں لہو جما دینے والی سردی نے ڈیرے جما لیے، سعودی عرب میں سردی کی شدید لہر کے باعث متعدد شہروں میں آج بھی تعلیمی سرگرمیاں معطل رہیں جبکہ دیگر شہروں میں اسکول اوقات مؤخر اور اسمبلیاں ختم کردی گئیں۔
سعودی میڈیا کے مطابق ملک کے شمالی علاقوں میں شدید سردی کی لہر کے باعث سعودی محکمہ تعلیم نے طلباء و طالبات کے والدین کو یہ اختیار دیا ہے کہ وہ صورتحال کے مطابق فیصلہ کریں کہ انہیں اپنے بچوں کو اسکول بھیجنا ہے یا نہیں۔
اس کے علاوہ اسکول بند کرنے یا نہ کرنے کا اختیار بھی اسکولوں کی انتظامیہ کو دے دیا ہے تاہم منگل سے جمعرات تک اسکول کی اسمبلی معطل رہیں گی۔
دوسری طرف ماہر موسمیات عبد اللہ المسند نے کہا ہے کہ سردی کی لہر سعودی عرب کے مختلف شہروں میں آج بھی رہے گی۔
انہوں نے کہا ہے کہ شمالی علاقوں میں سردی زیادہ شدید ہوگی تاہم آج اس میں مزید پھیلاؤ ہوگا۔
دریں اثنا محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ شمالی اور وسطی علاقوں سمیت آج مدینہ منورہ میں سردی کی شدت محسوس کی جائے گی، محکمے نے کہا ہے کہ رات کے وقت خصوصی طور پر سردی کی شدت میں اضافہ ہوگا، کھلا پانی جم جائے گا۔