کوئٹہ / پشاور/ گلگت بلتستان / کراچی : ملک کے بالائی علاقوں اورشمالی بلوچستان میں سردی نے ڈیرے ڈال لیے، درجہ حرارت نقطہ انجماد سے گرگیا، بالائی خیبرپختونخوا،جنوب مغربی بلوچستان اورگلگت بلتستان میں بارش اورپہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں بادلوں کا راج ہے، بالائی علاقوں میں برفباری اور میدانی علاقوں میں بارش نے سردی مزید بڑھا دی ہے، کراچی میں بھی ٹھنڈی ہواؤں کا گشت جاری ہے۔
ملک کے بالائی علاقوں میں ٹھٹھرتے موسم کا راج ہے، گلگت بلتستان میں برفیلی ہوائیں لہو جمانے لگیں، گوپس اور استور میں کڑاکے کی سردی نے قلفی جمادی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق درجہ حرارت منفی دو تک نیچے گر گیا، اس کے علاوہ اسکردو میں منفی ایک ریکارڈ کیا گیا۔ بلوچستان کے شمالی علاقوں میں بھی موسم شدید سرداور خشک ہے۔
یخ بستہ ہواؤں نے درجہ حرارت نقطہ انجماد سے گرادیا ہے، کڑکتی سردی نے قلات ميں درجہ حرارت منفی دو اور کوئٹہ میں منفی ایک تک پہنچادیا ہے۔
اس کے علاوہ کراچی میں بھی ٹھنڈی ہواؤں نے بسیرا ڈال لیا، موسم کا حال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ شہر قائد میں بادل تو ہیں مگربارش کا امکان نہیں ہے جبکہ دوسری جانب محکمہ موسمیات نے بالائی خیبرپختونخوا،جنوب مغربی بلوچستان اورگلگت بلتستان میں چند مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی کی ہے۔
اس کے علاوہ شہر قائد کراچی میں ٹھنڈی ہوائیں سرسرا رہی ہیں، بادل بھی چھائے ہوئے ہیں مگربارش کا فی الحال کوئی امکان نہیں ہے۔