ملتان : اسلام آباد یونائیٹڈ کے کولن منرو کی جانب سے ملتان سلطانز کے بالر افتخار احمد پر ’چکنگ‘ کا الزام لگانے پر دونوں کے درمیان تلخ کلامی ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ ٹین (پی ایس ایل) کے ایک سنسنی خیز مقابلے میں اُس وقت ڈرامائی صورتحال پیدا ہوگئی جب اسلام آباد یونائیٹڈ کے کھلاڑی اور نیوزی لینڈ کے تجربہ کار بیٹر کولن منرو نے ملتان سلطانز کے آف اسپنر افتخار احمد پر ’چکنگ‘ یعنی غیر قانونی باؤلنگ ایکشن کا الزام لگا دیا۔
کولن منرو کی جانب سے افتخاراحمد کو چکنگ کرنے کا طعنہ دینے پر دونوں کھلاڑیوں کے کافی درمیان گرما گرمی دیکھنے میں آئی، ملتان سلطانز کے کھلاڑیوں نے بھی اپنے شدید ردِ عمل کا اظہار کیا ۔
کولن منرو کے چکنگ کے الزام پر افتخار احمد بھڑک گئے جس کے بعد گراؤنڈ میں ماحول کافی حد تک کشیدہ ہوگیا، منرو کے اس رویے پر افتخار احمد خاصے برہم نظر آئے، وہ فوراً امپائرز کے پاس گئے اور شکایت درج کرائی اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ میچ ریفری علی نقوی کولن منرو کیخلاف تادیبی کارروائی کرسکتے ہیں۔
یہ واقعہ اسلام آباد یونائیٹڈ کی اننگز کے 10ویں اوور میں پیش آیا، جب ٹیم 169 رنز کے ہدف کا تعاقب کر رہی تھی۔ افتخار احمد نے منرو کو ایک تیز گیند کرنے کی کوشش کی جو ان کے پیروں کی جانب تھی لیکن منرو نے بروقت بلا نیچے لا کر اپنا بچاؤ کرلیا۔
اگلے ہی لمحے کولن منرو نے مسلسل ہاتھ کے اشاروں سے افتخار احمد پر چکنگ کا الزام لگایا، انہوں نے اپنا بازو موڑ کر گیند پھینکنے کا ایک انداز بنا کر یہ ظاہر کرنے کی کوشش کی کہ افتخار غیر قانونی انداز میں گیند کر رہے ہیں۔
اسی دوران ملتان سلطانز کے دیگر کھلاڑیوں نے بھی منرو کے رویے پر شدید ناراضی کا اظہار کیا۔ ملتان سلطانز کے کپتان اور محمد رضوان بھی معاملے میں کود پڑے اور منرو سے براہِ راست بات کرتے دکھائی دیے۔
بعد ازاں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ملتان سلطانز کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔ کولن منرو نے 28 گیندوں پر 45 رنز بنائے اور ان ہی افتخار احمد کے ہاتھوں کیچ آؤٹ بھی ہوئے۔ افتخار نے اس میچ میں دو اوورز کروائے اور 20 رنز دیے۔