کولمبیا : مہلک زرد بخار سے 34 اموات کے بعد ملک بھر میں ہیلتھ ایمرجنسی نافذ کردی گئی اور شہریوں کو فوری ویکسن لگوانے کی ہدایت کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق کولمبیا میں مہلک زرد بخار (یلو فیور) سے چونتیس افراد ہلاک ہوگئے، جس کے بعد ملک بھر میں ہیلتھ ایمرجنسی نافذ کرنے کا اعلان کردیا گیا۔
کولمبیئن حکام کا کہنا ہے اس سال کے آغاز سے اب تک زرد بخار کے چوہتر تصدیق شدہ کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔
حکومت نے لوگوں پر زور دیا ہے کہ وہ ایسٹر کے ویک اینڈ پر سفر کرتے وقت ویکسین لگوائیں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
ایک رپورٹ کے مطابق مچھروں سے پھیلنے والا یہ وائرس عام طور پر بخار، پٹھوں میں درد، متلی اور سر درد کا سبب بنتا ہے۔
یہ وائرس جنوبی امریکا کے متعدد ممالک بشمول کولمبیا میں پھیلا ہوا ہے، جہاں موجودہ وبا سے اموات کی شرح بہت زیادہ ہے۔
زرد بخار کی ابتدائی علامات میں بخار، سردی لگنا، شدید سر درد، کمر درد، عام جسم میں درد، متلی، قے، تھکاوٹ محسوس کرنا اور کمزوری شامل ہوسکتی ہے۔
یاد رہے امریکا کے سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریوینشن نے جنوبی امریکا کے لیے زرد بخار کے الرٹ کو 4 میں سے دوسرے درجے تک اپ گریڈ کرتے ہوئے کہا تھا کہ جنوبی امریکا کے کچھ حصوں میں زرد بخار کے کیسز کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔
مسافروں کو مشورہ دیا گیا تھا کہ وہ بولیویا، کولمبیا اور پیرو کے کچھ علاقوں کا دورہ کرنے سے قبل زرد بخار کے خلاف ویکسین لگوانے یا بوسٹر ٹیکے لگوائیں۔