تازہ ترین

بے گھر افراد کو صابن والی قلفی کھلا دی، سوشل میڈیا اسٹار کو مذاق مہنگا پڑ گیا (ویڈیو)

کولمبیا: ایک سوشل میڈیا اسٹار نے مذاق کو بھی ایک تکلیف دہ عمل بنا دیا، بے گھر اور بوڑھے افراد کو صابن والی قلفی کھلانے کے بعد نہ صرف اسے معافی مانگنی پڑ گئی بلکہ اسے مجرمانہ چارجز کا بھی سامنا کرنا پڑ گیا۔

تفصیلات کے مطابق کولمبیا میں ملٹن ڈومنگوز نامی ایک سوشل میڈیا انفلوئنسر کو مشہور ہونے کے لیے ایک ایسا آئیڈیا سوجھا جو دوسروں کے لیے تکلف دہ ثابت ہوا، اس نے بے گھر افراد اور بوڑھوں کو چاکلیٹ میں ڈوبے ہوئے صابن بارز دھوکے سے کھلا دیے، اور اس کی ویڈیو بھی بنا کر سوشل میڈیا پر شیئر کر دی۔

اپنے اس بے مزا مذاق پر بعد میں اسے پچھتاوا بھی ہوا، اور اسے سوشل میڈیا پر باقاعدہ معافی بھی مانگنی پڑی، جمعرات کو اس نے اقرار کیا کہ لوگوں نے اس پر اچھا رد عمل نہیں دیا، میں خود اپنی حرکت کو اب غلط سمجھ رہا ہوں، ایک مذاق اور لوگوں کے لیے نقصان دہ عمل کے درمیان باریک فرق ہے۔

ملٹن ڈومینگوز

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ملٹن ڈومینگوز، جو سوشل میڈیا حلقوں میں جے ٹومی کے نام سے جانا جاتا ہے، ایک اسٹور سے صابن بارز خریدتا ہے، پھر اسے گھر لا کر چاکلیٹ کے ساتھ کچن میں رکھتا ہے۔ دو منٹ کی کلپ میں یوٹیوبر اور انسٹاگرامر ڈومینگوز کے تکلیف دہ مذاق کے ہر مرحلے کا پتا چلتا ہے۔

کچن میں صابن والی چاکلیٹ قلفیاں تیار کر کے ڈومینگوز ایک اور خاتون کے ساتھ باہر نکلتا ہے اور لوگوں کو دھوکا دے کر کہتا ہے کہ وہ اپنی کمپنی کی نئی چاکلیٹ قلفی فروخت کر رہے ہیں، ایک بوڑھے شخص نے مزے سے قلفی کھائی لیکن جلد ہی اسے احساس ہو گیا کہ وہ صابن کھا رہا ہے، اس نے کہا تم نے مجھے صابن کھلا دیا ہے، اس پر ڈومینگوز ہنسنے لگتا ہے۔

ایک لڑکے نے صابن والی قلفی کھائی تو کہا کہ اس کا ذائقہ تو صابن جیسا ہے، اور اس پر سب ہنسنے لگے۔

تاہم ڈومینگوز نے جب یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کی تو اسے شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا، جس پر اس نے سب سے معافی مانگی۔ لیکن دوسری طرف کارٹجینا میٹروپولیٹن پولیس بریگیڈ کے جنرل ہنری نے کہا ہے کہ ڈومینگوز اور دو دیگر افراد کو جنھوں نے مذاق میں حصہ لیا، مجرمانہ الزامات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ ان میں سے ڈلن نامی شخص کو 324 ڈالرز جرمانہ بھی کیا جا چکا ہے۔

Comments

- Advertisement -