سکھر: رنگین چارپائیاں پاکستان کے مختلف علاقوں کی ثقافت کا حصہ ہیں، شادیوں کا سیزن شروع ہوتے ہی سندھ کے شہر سکھر کی مارکیٹ میں بھی رنگ برنگی چارپائیوں کی مانگ میں اضافہ ہو گیا ہے۔
سکھر کے ہنر مند کاریگر رنگ برنگی چارپائیاں تیار کرنے میں بڑی مہارت رکھتے ہیں، یہ چارپائیاں نہ صرف شادی کے لیے دلہن کے جہیز کا حصہ بنتی ہیں، بلکہ اپنے منفرد ڈیزائن اور خوب صورت رنگوں کی وجہ سے لوگوں کی توجہ کا مرکز بھی بن جاتی ہیں۔
یہ چارپائیاں مختلف قسم کی لکڑی (جیسا کہ کیکر اور سفیدے کی لکڑی) اور رنگین دھاگوں سے بنائی جاتی ہیں، ہر چارپائی کی تیاری میں کاریگروں کی مہارت اور ذوق شامل ہوتا ہے۔
مارکیٹ میں ان چارپائیوں کی قیمت کا انحصار ان کے سائز، ڈیزائن، اور استعمال شدہ مواد پر ہوتا ہے، شہر میں رنگ برنگی چارپائیوں کا کاروبار بہتر ہونے پر کاریگر خوشی اور جوش و جذبے سے چارپائیاں بنانے میں مصروف نظر آتے ہیں۔
خریداروں کا کہنا ہے کہ شادیوں کے اس سیزن میں بیڈ کی قیمتیں چالیس پچاس ہزار تک پہنچی ہیں، کم سے کم قیمت والا بیڈ بھی 20 ہزار میں ملتا ہے، ایسے میں یہ رنگین چارپائی پانچ چھ ہزار روپے میں مل جاتی ہے، اور یہ سندھ کا ثقافتی ورثہ بھی ہے۔
خریداروں کے مطابق سندھ کی ثقافت کا یہ حصہ ہے کہ مہمانوں کو خوب صورت چارپائیوں پر بٹھا کر ان کی خاطر داری کی جاتی ہے۔ ان چارپائیوں کا استعمال ہوٹلوں پر بھی نظر آتا ہے، کاریگروں کا کہنا ہے کہ خریدار اسے خرید کر گاؤں بھی لے کر جاتے ہیں۔