اسلام آباد: ملک بھر میں کومبنگ آپرشن کے دوران پچاس سے زائد ملزمان دھرلئے گئے، فورسز نے گھر گھر تلاشی کے دوران اسلام آباد سے بھاری تعداد میں اسلحہ برآمد کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق دہشتگردوں اور سہولت کاروں کے خلاف کومبنگ آپریشن جاری ہے، اسلام آباد بارہ کہو میں پولیس اور رینجرز نے سرچ آپریشن کیا، جوانوں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر چالیس گھروں کی تلاشی لی اور پانچ مشکوک افراد کو حراست میں لے کر اسلحہ برآمد کرلیا ہے۔
مزید پڑھیں : ملک بھر میں کومبنگ آپریشن کے تحت کارروائیاں جاری
گجرات میں حساس ادارے اور پولیس نے مشترکہ ٹارگٹد کارروائیاں کیں اور کوٹلہ ارب علی خان سے غیر ملکی باشندوں سمیت چھیالیس مشتبہ افراد فورسز کے ہاتھ لگے، گرفتار افراد میں بارہ افغان بھی شامل ہیں، ملزمان کے قبضے سے بھاری تعداد میں اسلحہ بھی پکڑا گیا۔
مزید پڑھیں : کورکمانڈرز اپنے صوبوں میں بھرپور کومبنگ آپریشن کریں، راحیل شریف
دوسری جانب مالاکنڈ میں سی ٹی ڈی کی بڑی کارروائی میں فورسز پر حملوں میں ملوث دہشتگرد انوار پکڑا گیا، سی ٹی ڈی کے مطابق دہشت گرد نے دو ہزار نو میں سیکیورٹی فورسز پر حملہ کیا تھا، فورسز نے ہنگو میں دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بنا دیا، خرشاں بانڈا میں گھر کے باہر نصب دو بم ناکارہ بنا دیئے۔