دہشت گردوں کی کمر توڑنے کے لیے سیکیورٹی ادارے متحرک ہوگئے۔ کراچی تا خیبر دہشت گردوں کے گرد گھیرا تنگ کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔
سیکیورٹی اداروں نے دہشت گردوں پر زمین تنگ کردی۔ ملک بھر میں کومبنگ آپریشن جاری ہے۔
پنجاب کے مختلف شہروں میں کومبنگ آپریشن کے دوران درجنوں افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔ حافظ آباد میں افغان بستیوں اور حساس مقامات سے 9 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا۔
خان پور میں 200 گھروں کی تلاشی لی گئی۔ 300 افراد کی بائیو میٹرک تصدیق کی گئی جبکہ 3 مشتبہ افراد گرفتارکر لیے گئے۔ چنیوٹ کے مختلف علاقوں میں 7 ملزمان کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کر لیا گیا۔
اوکاڑہ میں 65 افراد حراست میں لیے گئے۔
دوسری جانب صوبہ خیبر پختونخوا کے علاقے بنوں میں سیکیورٹی اداروں نے آپریشن کے بعد 20 پستول، ایک کلاشنکوف برآمد کر کے 36 مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا۔
چارسدہ میں خودکش حملے کے بعد 3 مشتبہ افراد گرفتار کر لیے گئے جنہیں نامعلوم مقام پر منتقل کر کے تفتیش کی جارہی ہے۔ گرفتار افراد خود کش حملہ آور کے سہولت کار ہیں۔
مردان پولیس نے بھی شیر گڑھ کے علاقے میں آپریشن کے دوران 30 افراد کو حراست میں لے لیا۔ غیر رجسٹرڈ کرایہ داروں کے خلاف بھی مقدامات درج کر لیے گئے۔