ممبئی: بھارت کے مزاحیہ اداکار جگدیپ حرکت قلب بند ہونے سے دارِ فانی سے کوچ کرگئے۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق بالی ووڈ فلموں میں مزاحیہ کردار ادا کر کے شہرت کی بلندیوں کو چھونے والے جگدیپ 81 برس کی عمر میں جمعرات کے روز جہانِ فانی سے کوچ کرگئے۔
رپورٹ کے مطابق وہ طویل العمری کی وجہ سے کافی عرصے سے بیمار تھے، انہیں چند روز قبل اسپتال لایا گیا جہاں وہ دوران علاج جانبر نہ ہوسکے۔
جگدیپ نے 70 ، 80 اور 90 ء کی دہائیوں میں فلموں میں کام کر کے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ اُن کی مشہور فلموں میں فلم شعلے ہے جس میں انہوں نے سورما بھوپالی کا کردار ادا کیا تھا۔
مزید پڑھیں: ایک اور بھارتی اداکار کی خودکشی سے موت
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق اداکار جگدیپ کا اصل نام سید اشتیاق احمد جعفری تھا۔ انہوں نے بطور چائلڈ اسٹار اپنے فنی سفر کا آغاز کیا تھا۔
رپورٹ کے مطابق جگدیپ معروف بالی ووڈ اداکار جاوید جعفری اور نوید جعفری کے والد تھے۔ اُن کے بچوں نے اپنی والد کے نام کا پاس رکھا اور انڈسٹری میں خوب محنت کر کے اپنا نام بنایا۔
رپورٹ کے مطابق اشتیاق احمد جعفری 29 مارچ 1939 کو امرتسر میں پیدا ہوئے، انہوں نے 400 سے زائد فلموں میں کام کیا۔
یاد رہے کہ بھارتی فلم انڈسٹری کے لیے یہ سال بہت بھاری ثابت ہوا ہے، گزشتہ دنوں نامور بالی ووڈ اسٹار عرفان خان، رشی کپور کینسر جبکہ میوزک کمپوزر ساجد خان کرونا سے انتقال کرگئے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: ایک اور نوجوان بھارتی اسٹار کی خودکشی
علاوہ ازیں سلمان خان کے ساتھ ریڈی فلم میں کام کرنے والے مزاحیہ اداکار موہیت بگہیل 27 برس کی عمر میں چل بسے، وہ موذی مرض میں مبتلا تھے، اس سے قبل 13 مئی کو بالی ووڈ کی مشہور فلم پی کے میں مسٹر پرفیکشنسٹ کے ساتھ کام کرنے والے اداکار کینسر کی وجہ سے انتقال کرگئے تھے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق 39 سالہ اداکار چرن جیوی سرجا کو 7 جون کو دل میں تکلیف ہوئی جس کے بعد انہیں اسپتال لایا گیا، وہ دوران علاج جانبر نہ ہوسکے تھے۔ چرن جیوی سرجا کی موت کی تصدیق تلنگا فلموں میں کام کرنے والے اداکار اور اہل خانہ نے کی تھی۔
بعد ازاں بھارت کی نوجوان ٹک ٹاک اسٹار نے خودکشی کی جبکہ ایک روز قبل مقامی شوبز انڈسٹری کے اداکار سشیل گودا نے خودکشی کر کے اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا۔