بھارت کے مشہور کامیڈین سنیل پال کے 2 اغوا کار کو اتر پردیش کی پولیس نے گرفتار کرلیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق بھارت کے مشہور کامیڈین سنیل پال کو 2 دسمبر کو شو کا جھانسہ دیکر اغوا کرلیا گیا تھا اور اغوا کاروں نے 20 لاکھ روپے دینے کا مطالبہ کیا تھا۔
تاہم اغواکاروں سے مذاکرات کے بعد سنیل نے انہیں 8 لاکھ روپے ادا کیے جس کے بعد اغوا کاروں نے کامیڈین کو چھوڑ دیا تھا، اب اتر پردیش (یو پی) پولیس نے اغواکاروں میں سے دو کو گرفتار کر لیا ہے۔
کامیڈین سنیل پال کا گھر واپسی کے بعد چونکا دینے والا انکشاف
بھارتی میڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق سنیل کے اغوا کاروں کو میرٹھ میں ایک دکان سے زیورات خریدتے ہوئے دیکھا گیا، انہوں نے سنیل کی جانب سے ملنے والی رقم سے زیورات خریدے تھے، اب یوپی پولیس نے بدمعاشوں کی شناخت کرکے دونوں اغوا کاروں کو گرفتار کر لیا ہے۔
بھارتی پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان میں لاوی پال اور ارجن کماول شامل ہیں جو یوپی کے بجنور علاقے میں رہتے ہیں پولیس کا کہنا ہے کہ جیولر کی دکان سے سی سی ٹی وی فوٹیج کا جائزہ لیا ہے مزید ملزمان کو پکڑنے کے لیے چھاپے مار رہے ہیں۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ ملزمان نے صدر بازار کی ایک دکان سے 4 لاکھ روپے کے زیورات خریدے، اس کے بعد وہ لال کرتی علاقے گئے جہاں انہوں نے 2.25 لاکھ روپے خرچ کیے، اور جیولرز سے پال کے نام سے بل بنانے کو کہا۔