ممبئی: بھارتی کامیڈین ویر داس نے ’ایئر انڈیا‘ کی پرواز کے دوران ٹوٹی ہوئی میز، ناہموار سیٹ اور اہلیہ کو وہیل چیئر فراہم نہ کرنے پر ایئر لائن کو تنقید کا نشانہ بنا دیا۔
انڈین میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ویر داس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایئر انڈیا کی پرواز میں سفر کرنے کا اپنا تجربہ شیئر کیا اور ایئر لائن کو ناقص سروس پر آڑے ہاتھوں بھی لیا۔
ویر داس نے الزام عائد کیا کہ پرواز کے دوران ٹوٹی ہوئی میز اور ایسی سیٹ دی گئی جس پر سیدھے بیٹھنا مشکل تھا، میں نے ممبئی سے دہلی کی فلائٹ کیلیے 50 ہزار روپے ادا کیے۔
کامیڈین نے بتایا کہ میری اہلیہ کو پاؤں میں فیکچر ہے لہٰذا میں نے پہلے سے وہیل چیئر بُک کروائی تھی جو فراہم نہیں کی گئی، یہ پوسٹ مجھے لکھتے ہوئے مجھے بہت تکلیف ہو رہی ہے۔
’ٹوٹی ہوئی میز اور ناہموار سیٹ ملی۔ دو گھنٹے تاخیر سے ہم دہلی میں پہنچے۔ میں ہوائی جہاز کے اگلے حصے میں موجود ایئر ہوسٹس سے کہتا رہا کہ میری اہلیہ کی مدد کریں لیکن وہ خاموشی سے ایک دوسرے کی طرف دیکھتے رہے۔‘
انہوں نے بتایا کہ اہلیہ کو فیکچر ہونے کے باوجود انہیں سیڑھی کا استعمال کرتے ہوئے نیچے اترنا پڑا، میں نے ایک کرسی لی اور اہلیہ کو بیگیج کلیم کی طرف لے گیا اور پھر ایئرپورٹ سے باہر پارکنگ کی طرف چلا گیا۔
کامیڈین کی وائرل ایکس پوسٹ پر ایئر انڈیا کی جانب سے ردعمل سامنے آیا جس میں کہا گیا کہ ہم مسافر کے تجربے کو سمجھتے ہیں اور ہمدردی رکھتے ہیں، معاملے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔