ہفتہ, مئی 18, 2024
اشتہار

مودی کی نقل اتارنے والے کامیڈین کا انکے خلاف ہی الیکشن لڑنے کا اعلان

اشتہار

حیرت انگیز

بھارتی وزیراعظم کی نقل اتار کر شہرت پانے والا کامیڈین شیام نے لوک سبھا کے انتخابات میں مودی کیخلاف الیکشن لڑنے کا اعلان کر دیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق وزیراعظم مودی کی نقل اتار کر ملک گیر شہرت پانے والے معروف کامیڈین شیام رنگیلا نے ان کے خلاف ہی لوک سبھا کا الیکشن لڑنے کا اعلان کر دیا ہے۔

این ڈی ٹی وی رپورٹ کے مطابق شیام نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر ریاست اتر پردیش کے شہر وارانسی سے انتخابات میں حصہ لینے کا اعلان کیا۔

- Advertisement -

شیام نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ میں وارانسی سے الیکشن لڑنے کے اعلان کے بعد آپ کی جانب سے ملنے والے پیار پر بہت پرجوش ہوں۔ میں اپنے کاغذات نامزدگی کے حوالے سے معلومات اور اپنے خیالات وارانسی پہنچنے کے بعد ویڈیو پیغام کے ذریعے آپ تک پہنچاؤں گا۔

کامیڈین نے لوک سبھا کے انتخابات میں وزیراعظم نریندر مودی کے خلاف ایک آزاد امیدوار کے طور پر الیکشن لڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ میں 2014 میں مودی کا پیروکار تھا اور ان کی حمایت جب کہ راہل گاندھی اور کیجریوال کیخلاف کئی ویڈیوز بھی بنائیں جس کو دیکھتے ہوئے کوئی بھی یہ دعویٰ کرسکتا ہے کہ میں ساری عمر بی جے پی کو ہی سپورٹ کروں گا لیکن گزشتہ 10 سال میں صورتحال کافی بدل چکی ہے۔

شیام رنگیلا نے سوشل میڈیا پر اپنے فالووز سے پوچھا تھا کہ کیا ان کو آزاد امیدوار کے طور پر اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرانے چاہییں، جس پر فالووز کی جانب سے ان کو مختلف مشورے دیے گئے تھے۔

اس سے قبل اپنی ایک پوسٹ میں شیام رنگیلا نے کہا تھا کہ میں وارانسی سے الیکشن لڑوں گا کیونکہ آج کل کسی کو بھی یقین نہیں ہے کہ کون کب کاغذات نامزدگی واپس لے لے گا۔

واضح رہے کہ بھارت میں لوک سبھا کے انتخابات کے لیے مرحلہ وار ووٹنگ کا سلسلہ جاری ہے جو یکم جون تک جاری رہے گا۔ مودی مسلسل تیسری بار وزارت عظمیٰ کے لیے امیدوار ہیں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں