کراچی : شہر قائد کی اہم شاہراہوں پر کل سے بڑی گاڑیوں کی آمد ورفت پرپابندی مہم شروع کی جائے گی، مذکورہ پابندی تین ماہ کیلئے لگائی گئی ہے، صبح چھ بجے سے رات گیا رہ بجے تک ہیوی ٹریفک سڑکوں پر نظر نہیں آئے گا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں ٹریفک کی حالیہ صورتحال سے متعلق کمشنرکراچی آصف اعجازشیخ کی زیر صدارت دو اجلاس منعقد کیے گئے، اجلاس میں ہیوی ٹریفک پرپابندی مہم کےانتظامات کاجائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ کراچی شہرمیں ہیوی ٹریفک پر پابندی کل سے شروع ہوگی، صبح 6 بجے سے رات 11 بجے تک بڑی گاڑیاں سڑکوں پر نہیں آئیں گی، ہیوی ٹریفک پرپابندی 3 ماہ کیلئے لگائی گئی ہے۔
کمشنرکراچی کا کہنا تھا کہ ہیوی ٹریفک پر پابندی کے فیصلے سے سڑکوں پر ٹریفک کا دباؤ کم ہوگا اور ٹریفک حادثات میں بھی کمی آئے گی۔
انہوں نے بتایا کہ ہیوی ٹریفک کیلئے متبادل راستوں کا بھی تعین کرلیا گیا ہے، کمشنرآصف اعجازشیخ کا مزید کہنا تھا کہ خستہ حال بسوں کے خلاف بھی کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے، اس حوالے سے 20 مارچ سے خستہ حال بسوں کےخلاف مہم شروع کی جائے گی۔
آصف اعجازشیخ نے کہا کہ ٹریفک پولیس کی مدد سے خستہ حال بسوں کے خلاف کارروائی شروع کرینگے جن گاڑیوں کے پاس فٹنس سرٹیفکیٹ نہیں وہ فوری طور پر حاصل کریں اور بسوں کے مالکان ایک ماہ میں اپنی گاڑیوں کی مرمت کرالیں۔
کمشنرکراچی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ کی ہدایت پرٹریفک اور ٹرانسپورٹ نظام کی بہتری کیلئے کام کررہے ہیں۔