کراچی: حکومت پاکستان نے شہر قائد میں گر کر تباہ ہونے والے طیارے کی تحقیقات کے لیے ٹیم تشکیل دے دی جس کی سربراہی ایئرکموڈور عثمان غنی کے سپرد کی گئی ہے۔
نمائندہ اے آر وائی نیوز کے مطابق حکومت پاکستان نے طیارہ حادثے کی تحقیقات کے لیے چار رکنی ٹیم تشکیل دے دی، اس ٹیم کی سربراہی ایئرکموڈور عثمان غنی کریں گے۔
رپورٹ کے مطابق تحقیقاتی ٹیم میں ونگ کمانڈر ملک محمد عمران، گروپ کیپٹن توقیر اور جوائنٹ ڈائریکٹر اے ٹی سی ناصر مجید بھی شامل ہیں، تحقیقاتی ٹیم فوری طور پر حکومت کو ابتدائی رپورٹ پیش کرے گی۔
مزید پڑھیں: کراچی طیارہ حادثہ، جاں بحق افراد کی تعداد 66 ہوگئی، 2 مسافرمعجزانہ طور پر محفوظ
طیارہ حادثے کی جامع رپورٹ ایک ماہ میں مکمل کر کے حکومت کے سپرد کی جائے گی۔ اس ضمن میں کیبنٹ سیکرٹریٹ ایوی ایشن ڈویژن نے ٹیم تشکیل دینے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
قبل ازیں پی آئی اے کے سی ای او ایئرمارشل ارشد ملک نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا تھا کہ طیارے میں کوئی خرابی نہیں تھی، حادثے کی تحقیقات کے لیے کسی بھی ملک سے ماہرین کو بلایا جائے گا اور شفاف رپورٹ مرتب کی جائے گی۔
یاد رہے کہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور سے 98 مسافروں کو لانے والا طیارہ (ایئربس) کراچی ایئرپورٹ کے قریب واقع ماڈل کالونی میں رہائشی آبادی پر گر کر تباہ ہوا۔
حادثے کے نتیجے میں متعدد مکانات بھی تباہ ہوئے جبکہ اب تک 66 افراد کی موت کی تصدیق ہوچکی ہے جبکہ دو مسافر معجزانہ طور پر محفوظ بھی رہے ہیں۔