ہفتہ, مئی 10, 2025
اشتہار

پاکستان میں صحافیوں کے خلاف مقدمات، سی پی جے کا حکومتِ پاکستان سے بڑا مطالبہ

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : صحافیوں کےتحفظ کی عالمی تنظیم کمیٹی ٹو پروٹیکٹ جرنلسٹس سی پی جے نے پاکستان میں صحافیوں پر مقدمات ختم کرنے کا مطالبہ کردیا۔

تفصیلات کے مطابق صحافیوں کےتحفظ کی تنظیم سی پی جے نے پاکستانی صحافیوں کیخلاف مقدمات پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ پاکستان میں صحافیوں کےخلاف مقدمات ختم کئے جائیں اور صحافیوں کو فرائض کی ادائیگی پر گرفتار کرنےاور نشانہ بنانے سے گریز کیا جائے۔

کمیٹی ٹوپروٹیکٹ جرنلسٹس نے ہراسانی کو آزادی اظہار اور آزاد پریس کے خلاف قرار دیا۔

سی پی جے ایشیائی امور کے رابطہ کار اسٹیون بٹلر نے کہا عدم اعتماد کے بعد ارشد شریف، صابرشاکر،عمران ریاض خان اور سمیع ابراہیم کیخلاف مقدمات نے آزادی صحافت کو فروغ دینے کے بیانات کی قلعی کھول دی ہے۔

اسٹیون بٹلر کا کہنا تھا کہ میاں شہبازشریف کی جانب سے وزیراعظم کا عہدہ سنبھالنے کے بعد اعلان کیا گیا تھا کہ حکومت ملک میں آزادی صحافت اورآزادی اظہار کی پوری ضمانت دے گی۔

سی پی جے ایشیائی امور کے رابطہ کار نے مطالبہ کیا کہ حکومت ارشد شریف،صابرشاکر،عمران ریاض خان اور سمیع ابراہیم کیخلاف تحقیقات بھی ختم کرے اور اس بات کو یقینی بنائے کہ اداروں کے بارے میں تبصروں پر صحافیوں کو انتقامی کارروائی کا نشانہ نہیں بنایا جائے گا۔

سی پی جے کا کہنا تھا کہ اس معاملے میں وزیراعظم ہاؤس سمیت وفاقی وزارتِ اطلاعات، بلوچستان اور سندھ کے وزرائے اعلیٰ سے رابطہ کرنی کی کوشش کی گئی لیکن کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔

یاد رہے امریکا نے پاکستانی صحافیوں صابر شاکر اور ارشد شریف کے خلاف مقدمات پر اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا تھا کہ صحافیوں کی آواز کو دبانا نہیں چاہیے۔

ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نیڈ پرائس نے کہا تھا صحافیوں کو کبھی بھی جبر کا نشانہ نہیں بنایا جانا چاہیے، وزیر خارجہ ٹونی بلنکن سے پاکستانی صحافت کی آزادی پر سوال ہوا تھا، وہ دنیا بھر میں آزادی صحافت پر بات کر چکے ہیں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں