چین میں کمپنی نے ملازمین کو دھمکی دی کہ اگر شادی نہ کی تو نوکری سے برطرف کردیا جائے گا۔
غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق چین کے صوبے شانڈونگ میں واقع کمپنی نے سرکاری حکام کی توجہ اس وقت حاصل کرلی جب انہوں نے سنگل اور طلاق یافتہ ملازمین کو ستمبر کے آخر تک کنوارے رہنے کی صورت میں نوکری سے نکالنے کی دھمکی دے دی۔
ساؤتھ چائنا مارننگ پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق شانڈونگ کیمیکل گروپ کمپنی لمیٹڈ نے اپنے 1200 ملازمین کو ایک نوٹس جاری کیا جس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ وہ اچھی طرح سے کام کریں اور فیملی بنائیں۔
نوٹس میں کہا گیا ہے کہ 28 سے 58 سال کی عمر کے سنگل ملازمین بشمول طلاق یافتہ افراد رواں سال ستمبر کے آخر تک شادی کریں جو لوگ جون تک شادی نہیں کرسکے تو کمپنی جائزہ لے گی اور اگر وہ ستمبر کے آخر تک سنگل رہتے ہیں تو انہیں نکال دیا جائے گا۔
جیسے ہی یہ خبر وائرل ہوئی تو چینی سوشل میڈیا صارفین نے اس فیصلے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کمپنی کئی قوانین کی خلاف ورزی کر رہی ہے۔
ایک صارف نے تبصرہ کیا کہ کارپوریٹ قوانین کو قوانین یا سماجی اخلاقیات کو زیر نہیں کرنا چاہیے، جبکہ دوسرے نے نشاندہی کی کہ چینی شادی کا قانون شادی کی آزادی کی ضمانت دیتا ہے۔
تیسرے صارف نے لکھا کہ کمپنی کو ملازمین کی ذاتی زندگیوں سے دور رہنا چاہیے۔