کراچی: وزیر اعظم سٹیزن پورٹل پر ائیرپورٹس کے متعلق شکایات بڑھنے لگیں، ملکی ائیرپورٹس پر معذور اور معمر افراد کو تکالیف اور پریشانیوں پر وفاقی حکومت نے نوٹس لے لیا۔
وزیراعظم پورٹل پر شہریوں کی جانب سے ملکی ایئرپورٹ پر معمر افراد کے لیے عدم شہولیات کی شکایات درج کرائی گئیں، شکایات میں کہا گیا کہ ائیرپورٹس پر معذور اور معمر افراد کو ویل چیئر فراہم نہیں کی جاتیں۔
ان شکایات پر وفاقی حکومت کا نوٹس لیتے ہوئے سول ایوی ایشن کو ہدایات جاری کردی، سول ایوی ایشن نے حکومتی نوٹس پر اقدامات شروع کر دئیے ہیں۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی نے تمام ائیرلائنز کو ویل چیئرز کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تمام ائیرلائنز معمر اور معذور افراد کو پارکنگ سے جہاز تک ویل چیئر لازماً فراہم کریں۔
سی اے اے کا کہنا ہے کہ معمر اور معذور افراد مسافروں کو ویل چیئر کی فراہمی کیلئے ائیرپورٹ آمد سے قبل رجسٹریشن کی جائے جب کہ ویل چیئر کی عدم فراہمی پر ائیرلائنز کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔